اوکاڑہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم شہزاد نے کہا ہے کہ بر سات کے موسم میں ڈینگی وائرس کے پھیلاوَ کو محدود کرنے کے لئے سب سے کار گر طریقہ احتیاطی تدابیر ہے محکمہ صحت کے افسران اور فیلڈ عملی سمیت تمام ضلعی محکموں کے سر براہان اپنے اپنے دائرہ اختیار میں ڈینگی مچھر سے بچاوَ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق آگاہی مہم کو بھر پور انداز میں آگے بڑھائیں ویکٹر سرویلینس کا کام پوری شد و مد سے جاری رکھا جائے بارش کے پانی کے فوری نکاس کے لئے کوئی کوتاہی نہ کی جائے ٹائر مارکیٹس، کباڑ خانے ،قبر ستانوں ،وئیر ہاوَسز ،سرکاری دفاتر کے سٹورز اور چھتوں کی خصوصی انسپیکشن کی جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کی جگہوں کو ختم کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں تما م متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ ڈسٹر کٹ انٹا مالوجسٹ محمد اقبال نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب تک ضلع اوکاڑہ میں ڈینگی بخار کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا روزانہ کی بنیاد پر ویکٹر سرویلینس کا کام جاری ہے جبکہ ضلع کہ تمام سرکاری افسران سے ان کے محکموں کی سرکاری عمارتوں کے ڈینگی فری ہونے کے سرٹیفیکٹس بھی حاصل کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک پنجاب میں ڈینگی کے 96 کیس سامنے آئے ہیں جوکہ لاہور ،اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں سے ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے اوکاڑہ ڈینگی فری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات کے لئے 114 ٹی میں تشکیل دی گئی ہیں اور 15 اگست تک 76 ہزار مختلف مقامات کو چیک کیا جا چکا ہے ۔
