ضلع اوکاڑہ میں دو مختلف واقعات پیش آئے ہیں جن کے مطابق بھائی نے اپنے سگے بھائی کو قتل کردیا جبکہ باپ نے لے پالک بیٹے کو جان سے مارڈالا۔پہلا واقعہ اوکاڑہ کے نواحی گاؤں کوہلہ میں پیش آیا جہاں چھوٹے بھائی صفدر اصغر نے خرچہ نہ دینے کی پاداش میں اپنے بڑے بھائی نوید اصغر کو ڈنڈوں کے مسلسل وار کر کے موت کے گھاٹ اتار ڈالا جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا جس کو پولیس تلاش کر رہی ہے۔دوسرا واقعہ دیپالپور کے نواحی علاقے پھلاں تولی میں پیش آیا جس میں باپ نے اپنے تیرہ سالہ لے پالک بیٹے کو بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کی تاب نہ لاتے ہوئے بیٹا جاں بحق ہوگیا۔مقامی لوگوں کے مطابق 13 سالہ مہتاب شاہ جوکہ چھٹی جماعت کا طالب علم تھاکو مہندی حسن شاہ نے بطور لے پالک بیٹا بنایا ہوا تھا اور خود ہی اس کی مکمل کفالت کرتا تھا مگر اسے غصہ تھا کہ مہتاب شاہ آوارہ گردی بہت کرتا تھا اور اب بھی دو دن گھر سے غائب رہنے کے بعد گھر آیا تھا جس پر مہندی حسن شاہ کو غصہ آیا اور اس نے اس پر بے پناہ تشدد کیا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔
