اوکاڑہ،بجلی چوروں کی شامت آگئی ،ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں بڑےفیصلے کرلئےگئے
ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خاں نے کہا ہے کہ بجلی چوری ایک اہم اور بڑا مسئلہ ہے جس کو سنجیدگی سے حل کرنا وقت کی ضرورت ہے لیسکو اوکاڑہ کے افسران ،پولیس اور ٹاسک فورس کے اراکین بہترین ربط و رابطہ کے ذریعے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں پولیس حکام لیسکو کے فیلڈ عملہ کی بھر پور مدد کو یقینی بنائیں ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ضلعی ٹاسک فورس کمیٹی برائے انسداد بجلی چوری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔جس میں ایس ای واپڈا مہر اللہ یار ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم شہزاد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس افضل ناصر،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرصاحبان،ڈی ایس پی ،ایکسیئن واپڈا سمیت ٹاسک فورس کے اراکین نے شرکت کی ۔ایس ای واپڈا مہر اللہ یار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں واپڈا کا ایک سرکل اور چار ڈویژن ہیں جن میں ٹاسک فورس بجلی چوروں کے خلاف اقدامات کر رہی ہے اب تک ضلع میں 273بجلی چورو ں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے استغاثہ جات پولیس کو بھجوائے جا چکے ہیں اور جن میں سے 33کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں ضلع اوکاڑہ میں 14ہزار 291زرعی ٹیوب ویلوں کے کنکشن ہیں جن سے 3ہزار 62ملین روپے رقم کے بقایا جات وصول کرنا ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر مریم خاں نے کہا کہ محکمہ واپڈا متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ ڈی ایس پی صاحبان ہر 15دن بعد ایک میٹنگ کریں جن بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں ان کو گرفتار کیا جائے اور بقا یا استغاثہ جات پر بھی ایف آئی آر درج کی جائیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم شہزاد تمام معاملات کی نگرانی کریں۔ ڈپٹی کمشنر مریم خاں نے کہا کہ واپڈا کا فیلڈ عملہ پولیس کے ساتھ مل کر بجلی چوروں کے خلاف اپنی کاروائیاں تیز کرے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کاروائی میرٹ اور انٹیلی جینس رپورٹ پر ہونی چاہیے بجلی چوری ایک سنگین مسئلہ ہے جس کی وجہ سے تمام شہری بلکہ پوری قوم متاثر ہو رہی ہے اس مسئلہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لئے تمام متعلقہ سرکاری ادارو ں کو کاوش کرنا ہے تاکہ بجلی چوری کے خاتمہ کا مطلوبہ ہدف حاصل ہو سکے ۔