اوکاڑہ،تجاوزات کے خلاف آپریشن میں اب تک 1588 کنال اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے،ڈپٹی کمشنر رضوان نزیر
اوکاڑہ،کلین اینڈ گرین پاکستان کے لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژ ن کے مطابق اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کو عملی شکل دی جا رہی ہے سرکاری زمینوں کو ہر صورت میں واگزار کروانا ہے قبرستانوں سے تجاوزات کے خاتمہ اور بازاروں سے ناجائز تجاوزات کو ختم کرنا ہے یہ مہم شہریوں کے مفاد میں شروع کی گئی ہے تاکہ عام شہریوں کو شہروں کے بازار صاف ستھرے اور کھلے نظر آئیں ٹریفک کے بہاؤ میں کوئی دقت نہ ہو ضلع اوکاڑہ میں اب تک ایک ہزار 588کنال اراضی واگزار کروائی جا چکی ہے جس کی مالیت 75کروڑ روپے سے زائد ہے قبضہ گروپوں نے جان بوجھ کر غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ ان میں سے بعض کے پاس کچی آبادی کی رجسٹری تھی لیکن انہوں نے قبضہ سڑکوں پر اور کمرشل جگہوں پر کیا ہوا تھا تمام ریکارڈ کے ملاحظہ ،جانچ پڑتال کے بعد سرکاری زمین پر ناجائز طور پر کی گئی تعمیرات کو گرایا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین ،ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ جگنو محسن نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔اجلاس میں ممبران امن کمیٹی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔بائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ناجائز تجاوزات اور صفائی ستھرائی کے لئے آپریشن بہترین انداز میں کامیابی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں اور ریڑھی والوں کو تنگ نہ کیا جائے پنجاب حکومت کچی آبادیوں کو ریگو لر آئز کرنے سے متعلق اقدامات کرے گی لیکن کچی آبادیوں کی آڑ میں کسی کو سڑک پر قبضہ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں انہوں نے ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر کو تجاوزات کے خاتمہ ،کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلہ میں اقدامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو صاف شفاف رکھنا چاہتی ہے اور میرے شہر اور صوبہ کو اور بھی زیادہ صاف شفاف ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ میں تجاوزات کے خلاف حکومتی ہدایات کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں پنجاب حکومت غریبوں اور چھابڑی والوں کو تنگ نہیں کرے گی اورکسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہو گی ۔ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ جگنو محسن نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمہ اور کلین اینڈ گرین پاکستان کے لئے بہت اچھا کام ہو رہا ہے جس کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی اور اس کو جاری و ساری رہنا چاہیے ضلع میں ویسٹ مینجمنٹ کا کام از حد ضروری ہے کیونکہ پلاسٹک ملک میں زہر پھیلا رہا ہے زیر زمین پانی خراب ہو رہا ہے جس سے ہپا ٹائٹس اور دیگر امراض بڑھ رہے ہیں کوڑے کو محفوظ انداز میں تلف کرنا از حدضروری ہے تاکہ زمینی پانی خراب نہ ہو اس سلسلہ میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے بتایا کہ وہ شیر گڑھ میں غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر کوڑے کرکٹ کو محفوظ انداز میں تلف کرنے کے لئے ایک پراجیکٹ شروع کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔اجلاس سے مولانا ظفر اللہ قمر لکھوی ،قاری محمد اقبال چشتی ،پیر سید زاہد گیلانی ،مولانا عبد المنان عثمانی ،صدر بار ایسویسی ایشن راؤ عباس عدیل نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے تجاوزات کے خاتمہ کی مہم کی بھر پور تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں بلا امتیاز کاروائی کی جائے کیونکہ قبرستانوں میں قبضہ نا انصافی ہے قبرستانوں میں قرآنی آیات لکھنا اور پھر ان پر قبضہ کرنا نامناسب ہے علماء کرام نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے ان قبضوں کا نوٹس نہیں لیا موجودہ حکومت اس معاملہ سے حکمت عملی کے ساتھ نپٹنے ،مساوات کا قانون اپنانے ،جانچ پڑتال اور تحقیق کے بعد غیر قانونی تجاوزات گرا دی جائیں ۔