اوکاڑہ،صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجا زعالم آگسٹین نے کہا ہے کہ تعلیمی ترقی قوموں کے عروج کا باعث ہے اور ہمیں وطن عزیز کو قوموں کی برادری میں ایک معتبر مقام دلوانے کے لئے تعلیم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنانا ہے جدید سائنسی تعلیم عصر حاضر کا تقاضا ہے جس کے لئے تحریک انصاف کی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کانوینٹ گرلز ہائی سکول رینالہ خورد میں سالانہ سائنسی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد عمر مقبول سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجا زعالم آگسٹین کا سکول پہنچنے پر پرنسپل گلیڈس اور اساتذہ کرام نے بھر پور استقبال کیا انہوں نے صوبائی وزیر کو سائنسی نمائش کی غرض و غایت سے سکول میں طالب علموں کی علمی میدان میں کامیابیوں ،غیر نصابی سرگرمیوں سے متعلق بتایا صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجا زعالم آگسٹین نے سائنسی نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور طالب علموں کی جانب سے بنائے سے ماڈلز سے متعلق بچوں سے سوالات پوچھے اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شاباش دی ۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجا زعالم آگسٹین نے اساتذہ پر زور دیا کہ پروفیشنل ازم کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ طالب علموں کی پڑھائی اور ان کی کردار سازی پر مرکوز کریں تاکہ یہ طالب علم بڑے ہو کر اپنے شہر ،صوبہ اور ملک کا نام روشن کریں اس موقع پر طالب علوں کی جانب سے ثقافتی سٹالز بھی لگائے گئے جن میں چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا صوبائی وزیر نے کانوینٹ سکول کی جانب سے سائنسی نمائش کے انعقاد کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہا ر کے لئے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اس سلسلہ میں پنجاب حکومت اپنا کردار ادا کرے گی تعلیم کے شعبہ کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اس سلسلہ میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر کے ویژن کے مطابق کام کیا جائے گا ۔
