اوکاڑہ،خسرہ سے بچاؤ کیلئےاساتذہ اوروالدین اپنا کرداراداکریں،اسسٹنٹ کمشنررافعہ قیوم
اوکاڑہ،اسسٹنٹ کمشنر رافعہ قیوم نے کہا ہے کہ خسرہ کے مہلک مرض سے بچوں کو بچانے کے لئے والدین اور اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہے محکمہ صحت کے افسران اور فیلڈ عملہ تعلیمی اداروں اور والدین کو اس سلسلہ میں اعتماد میں لیں اور انسداد خسرہ ویکسیئن کی افادیت سے متعلق آگاہی دیں تاکہ 6ماہ سے 7سال تک کی عمر کا کوئی بچہ اس ویکسیئن کے حفاظتی ٹیکہ سے محروم نہ رہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ضلع اوکاڑہ میں جاری انسداد خسرہ مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مہر محمد ارشاد ،ڈسٹرکٹ کو آرڈنیٹر ڈاکٹر محمد عمران ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذوالفقار ،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ایجوکیشن غلام دستگیر ،انچارچ فیصل نثار ،ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت پرائیویٹ سکولوں کے پرنسپل صاحبان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں جن بچوں کے والدین نے ٹیکہ لگوانے سے انحراف کیا ان سے متعلق معاملات زیر بحث آئے ۔اسسٹنٹ کمشنر رافعہ قیوم نے محکمہ صحت کے عملہ ،پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداروں ،محکمہ تعلیم کے افسران پر زور دیا کہ وہ بچوں کے والدین کو اس حفاظتی ٹیکہ کی افادیت اور اس کے بالکل محفوظ ہونے سے متعلق آگاہی دیں اور انہیں قائل کرنے کے لئے اقدامات کریں تاکہ انسداد خسرہ مہم حقیقی معنوں میں کامیاب ہو سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹیکے ان بچوں کو بھی لگائے جائیں گے جنہیں 9ماہ اور 15ماہ کی عمر میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے تحت خسرہ کے حفاظتی ٹیکے لگ چکے ہیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حفاظتی ٹیکے سرکاری ہسپتالوں ،مراکز صحت ،بنیادی مراکز صحت ،رورل ہیلتھ سنٹرز کے ساتھ ساتھ سکولوں ،گلی محلوں میں عارضی طور پر قائم خصوصی کیمپوں اور فیلڈ ٹیموں سے مفت لگوائے جا سکتے ہیں اس موقع پر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔