اوکاڑہ،دیپالپوراوررینالہ کے بارانتخابات کے مکمل نتائج جانئے
تحریر؛قاسم علی…
آج بارہ جنوری کو پنجاب بھر میں بارایسوسی ایشن کے انتخابات منعقد ہوئے یادرہے پنجاب بھر کی بارایسوسی ایشنز کے انتخابات جنوری کے دوسرے ہفتے ایک ہی روز انعقاد پزیر ہوتے ہیں۔
ضلع اوکاڑہ میں تینوں تحصیلوں،اوکاڑہ،رینالہ خورداوردیپالپور بار ایسوسی ایشنز میں بھی اسی روائت کے تحت انتخابات منعقد ہوئے اور تمام تحصیلوں میں پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پولنگ کا عمل صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔
اوکاڑہ تحصیل ضلع کی تینوں بار ایسوسی ایشنوں میں سب سے بڑی ہے جس کے ممبران کی تعداد 1433ہے لیکن 1078ممبران نے نئی باڈی کے انتخاب کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ چارسو کے قریب وکلاء کی بڑی تعداد اس انتخابی عمل سے دور رہی۔
تحصیل اوکاڑہ میں صدر کی نشست پر چوہدری جاوید اشرف گجر اور رائے عبدالغفور کے مابین مقابلہ تھا جبکہ جنرل سیکرٹری کیلئے چوہدری ریاض احمد اورچوہدری آصف رحمان ایک دوسرے کے مدمقابل تھے۔اس الیکشن میں جاوید اشرف اور چوہدری آصف رحمان کو فیورٹ سمجھا جارہاتھا لیکن شام کو گنتی کے بعد رائے عبدالغفور صدر کے طور پر کامیاب قرارپائے جبکہ چوہدری ریاض احمد جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔مقامی لوگوں کے مطابق شکست کھانے والے دیگر دونوں امیدواران چوہدری جاوید اشرف اور چوہدری آصف رحمان کو پی ٹی آئی،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے سیاسی رہنماؤں کی بھرپور حمائت حاصل تھی مگر سیاسی جماعتوں کی سپورٹ بھی انہیں شکست سے نہ بچاسکی۔
دیپالپور بار ایسوسی ایشن کے ممبران کی تعداد تقریباََ گیارہ سوہے۔جہاں صدر کی سیٹ پر دو امیدوار سیدالطاف حسین شاہ اور میاں محمدرفیع سکھیراکے درمیان مقابلہ ہوا جس میں الطاف حسین شاہ 521ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے جبکہ میاں محمدرفیع سکھیرا 378ووٹ لے کر ہارگئے۔جبکہ جنرل سیکرٹری پر عدنان سرور وٹو کامیاب ہوئے جنہوں نے 513ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل محمدارشد چنڈور 384ووٹ لے پائے۔نائب صدر کے تین امیدواروں رانا محمدنواز،رانا محمدممتاز اور چوہدری بابرسجاد میں سے کامیابی نے رانا ممتاز کے قدم چومے جنہوں نے 441ووٹ لئے اوردیگر امیدواران رانانوازمیں 332 اور چوہدری بابرسجاد127کے ہندسے تک ہی پہنچ سکے۔فنانس سیکرٹری پر ظفرگجر 594ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ان کے مقابل شیخ اعجاز 296ووٹ حاصل کرسکے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ دیپالپور بار میں جوائنٹ سیکرٹری اور سیکرٹری لائبریری کے دونوں امیدواروں کے مقابلے میں کسی نے بھی کاغذات جمع نہیں کروائے تھے اس طرح وہ الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ کامیاب قرارپاگئے تھے۔
رینالہ خوردبار کے 320 ممبران ہیں تاہم الیکشن میں304وکلاء نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور یہاں پر ڈیموکریٹک پینل اور جناح پینل کے درمیان مقابلہ تھا۔ڈیموکریٹک گروپ سے صدر کیلئے میاں نعیم بشیرکمیانہ اور جنرل سیکرٹری کیلئے ملک رضوان بھٹی امیدوار تھے جبکہ جناح پینل سے اعظم جٹ بطورصدر اور فہدزمان بھٹی جنرل سیکرٹری شپ کے امیدوار تھے۔
رینالہ خورد بار کے الیکشن میں میاں نعیم بشیرکمیانہ نے 188ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مقابل اعظم جٹ 117ووٹ لے پائے اس طرح میاں نعیم بشیرکمیانہ 71ووٹوں کی برتری سے صدر رینالہ بار منتخب ہوگئے جبکہ ان کیساتھ ملک رضوان بھٹی 169ووٹ لے کرجنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے اور ان کا مدمقابل فہد 132ووٹ لے پایا۔سینئر نائب صدر کی سیٹ پر محمدعارف 160ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور ان کے مخالف امیدوار نزیراحمد 139ووٹ لے سکے۔نائب صدر پر جناح گروپ کے محمداحسان کامیاب ہوئے جنہوں نے 175ووٹ لئے یہاں پر ڈیموکریٹک کے امیدوار عبدالحمید رشید 105ووٹ لے پائے۔ڈیموکریٹک کے ہی ارشد علی 157ووٹ لے کر جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے اس سیٹ پر جناح گروپ کے محمدامتیازنے138ووٹ لئے۔یادرہے کہ رینالہ بار میں تین امیدوار بلامقابلہ بھی منتخب ہوئے جن میں طارق محمود فنانس سیکرٹری،احمدیار لائبریری سیکرٹری اور عابد حسین آڈیٹر منتخب ہوئے۔
الیکشن میں کامیابی کی خبریں جیسے جیسے آتی رہیں جیتنے والے امیدواروں کے حامی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اس دوران مٹھائیاں بھی تقسیم کی جاتی رہیں۔تینوں تحصیلوں میں پولنگ کا عمل انتہائی پرامن طریقے سے جاری رہا اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔وکلاء رہنماؤں نے سیکیورٹی انتظامات پر ڈی پی او اطہراسماعیل کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔