ایک روز قبل اوکاڑہ میں فیصل آباد روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کے آپس میں تصادم سے دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے تھے جس کی اطلاع دئیے جانے پر ریسکیو کی گاڑی فوری موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا گیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران ایک زخمی نوجوان مدثر کے پاس سے دو لاکھ سترہ ہزار پانچ سو روپے اور موبائل بھی برآمد ہوا۔جو کہ مرکزی سٹیشن پر متاثرہ شخص کے حوالے کردیا گیا۔متاثرہ شخص اور لواحقین نے پوری رقم اور موبائل فون واپس ملنے پر ریسکیورز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے ریسکیو 1122 کے ادارے پر کہ آج کے دور میں بھی ریسکیورز جیسے ایماندار لوگ ہیں جو لوگوں کی جان کی حفاظت کرنے کے ساتھ ساتھ مال کی بھی حفاظت کرتے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کہا کہ ریسکیورز کی فرض شناسی اور ایمانداری قابل تحسین ہے اور یہ ریسکیو 1122 سروس کا اثاثہ ہے۔
