اوکاڑہ ڈپٹی کمشنر مریم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن سلامتی اور خوشحالی کے لئے علماء ومشائخ نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اور مستقبل میں بھی علماء و مشائخ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔پاکستان ہم سب کی امیدوں کا محو ر و مرکز ہے اور اس کی فلاح ہم سب کو عزیز ترین ہے وطن عزیز میں امن محبت ،بھائی چارہ کی فضا کو مزید پروان چڑھانے کے لئے ہر شخص کو اپنے دائرہ کار میں بھر پور اقدامات کرنے ہیں اور اس وقت پولیو کے خاتمہ کے چیلنج سے نمٹنے اور کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت صفائی ستھرائی اور پودے لگانے کی مہم میں بھی علماء و مشائخ لوگوں کی رہنمائی کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں تما م متعلقہ محکموں کے افسران تاجروں کے نمائندوں اور ممبران امن کمیٹی نے شرکت کی ۔ اجلاس سے مولانا عبد المنان عثمانی ،سید زاہد گیلانی ،مولانا ظفر اللہ قمر لکھوی اور دیگر علماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مفاد ہم سب کی اولین ترجیح ہے علماء و مشائخ نے پہلے بھی اصلاح معاشرہ اور عوام کی رہنمائی کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اب پاکستان میں صفائی ستھرائی مہم ،شجرکاری اور پولیو کے خاتمہ کے لئے حکومتی احکامات کی بھر پور حمایت کی جائے گی ۔بعد ازاں پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصو صی دعا کی گئی ۔
