اوکاڑہ،ڈپٹی کمشنرنےنرخ اورپیمانوں میں خردبرد کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایات جاری کردیں
اوکاڑہ،ڈپٹی کمشنررضوان نذیر نے کہا ہے کہ صارفین کو پورے وزن اور پیمانے کے مطابق معیاری اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں اور کم تولنے اور ناپنے والوں کے خلاف پرائس مجسٹریٹس کاروائی کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم شہزاد ،اسسٹنٹ کمشنر رافعہ قیوم ،ڈی او انٹر پرائزز خالد جاوید بھٹی، ڈائریکٹر لائیو سٹاک لبنیٰ جبار ،صدر انجمن تاجران چوہدری سلیم صادق ،صدر سبزی منڈی چوہدری محمد اشرف ، قاری سعید عثمانی ،صدر ماڈا چوہدری مظہر رشید،ایڈووکیٹ صائمہ رشید، تاجروں کے نمائندگان اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے کہا کہ ناقص اور غیر معیاری اشیائے خورونوش بنانے اور بیچنے والوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گاانہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اشیائے خورونوش مہنگے داموں بیچنے والوں کے خلاف بھر پور اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مفادات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ناقص اشیائے خورونوش بیچنے والے اپنے مفادات کی خاطر لوگوں کی صحت کو تباہ کر رہے ہیں جس کی انہیں ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی مقرر کی گئیں۔اس موقع پر صدر انجمن تاجران چوہدری سلیم صادق ،صدر سبزی منڈی چوہدری محمد اشرف اور تاجروں کے نمائندگان نے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔