اوکاڑہ،ڈپٹی کمشنر مریم خاں نے کہا ہے کہ بجلی چوری ایک سنگین مسئلہ ہے جس کی وجہ سے تمام شہری بلکہ پوری قوم متاثر ہو رہی ہے اس مسئلہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لئے تمام متعلقہ سرکاری ادارو ں کو کاوش کرنا ہے تاکہ بجلی چوری کے خاتمہ کا مطلوبہ ہدف حاصل ہو سکے لیسکو اوکاڑہ کے افسران ،پولیس اور ٹاسک فورس کے اراکین بہترین ربط و رابطہ کے ذریعے اپنی کار کردگی کو بہتر بنائیں پولیس حکام لیسکو کے فیلڈ عملہ کی بھر پور مدد کو یقینی بنائیں ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ضلعی ٹاسک فورس کمیٹی برائے انسداد بجلی چوری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔جس میں ایس ای واپڈا مہر اللہ یار،اسسٹنٹ کمشنر عمر مقبول ،اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور ملک راشد نعمت،،ڈی ایس پی ،ایکسیئن واپڈا سمیت ٹاسک فورس کے اراکین نے شرکت کی ۔ایس ای واپڈا مہر اللہ یار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں واپڈا کا ایک سرکل اور چار ڈویژن ہیں جن میں ٹاسک فورس بجلی چوروں کے خلاف اقدامات کر رہی ہے اب تک ضلع میں 930بجلی چورو ں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے استغاثہ جات پولیس کو بھجوائے جا چکے ہیں اور جن میں سے 448کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں اور 27بجلی چور گرفتار کر لئے گئے ہیں جبکہ بجلی چوروں کو 37.7ملین کے جرمانے بھی کئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر مریم خاں نے کہا کہ محکمہ واپڈا متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ ڈی ایس پی صاحبان ہر 15دن بعد ایک میٹنگ کریں جن بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں ان کو گرفتار کیا جائے اور بقا یا استغاثہ جات پر بھی ایف آئی آر درج کی جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر مریم خاں نے کہا کہ واپڈا کا فیلڈ عملہ پولیس کے ساتھ مل کر بجلی چوروں کے خلاف اپنی کاروائیاں تیز کرے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری ایک اہم اور بڑا مسئلہ ہے جس کو سنجیدگی سے حل کرنا وقت کی ضرورت ہے
