اوکاڑہ(بیورورپورٹ) ضلع میں مختلف مقامات پرڈکیتی اور چوری کی سات مختلف وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات ، نقدی ، کار ، موٹر سائیکل اور مویشیوں سے محروم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق رحمان کالونی اوکاڑہ کے رہائشی ندیم علی کی بیوی اور بیٹی ڈرائیور کے ساتھ کار میں سوار ہو کر بازار سے شاپنگ کرکے واپس گھر کے قریب آئے تو اچانک اسلحہ سے مسلح دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر روکا اور گن پوائنٹ پر لاکھوں روپے مالیت کے 7تولے طلائی زیوارات اور 12ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ دوسری واردات میں الرحیم سٹی ہاؤسنگ سکیم اوکاڑہ کے رہائشی شیخ کاشف اسلم نے اپنی لاکھوں روپے مالیت کی کار نمبر ایل ایکس اے 4877تحصیل روڈ اوکاڑہ کھڑی کی جسے نامعلوم چور چرا کر لے گئے ۔ تیسری واردات میں نواحی حجرہ کے رہائشی محمد منشاء نے اپنی موٹر سائیکل نمبر او کے ایم 6808گھر کے باہر کھڑی کی جسے نامعلوم چور چرا کر لے گئے چوتھی واردات میں نواحی قصبہ جندراکہ کے رہائشی بشیر احمد نسیم کے احاطہ سے نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کے مویشی چرا کر لے گئے پانچویں واردات میں نواحی قصبہ 1فور ایل کے رہائشی پیر محمد اقبال کے احاطہ سے وحید اسلام ، ساجد اور سہیل بٹ 3لاکھ روپے مالیت کے بکرے چرا کر لے گئے۔ چھٹی واردات میں نواحی قصبہ 42ڈی کے رہائشی نسیم اکرم کے گھر سے نامعلوم چور 60ہزار روپے مالیت کے بکرے چرا کر لے گئے۔ ساتویں واردات میں نواحی قصبہ 20ون آربی کے رہائشی محمد علیم کی رقبہ سے احمد یار اور قدرت اللہ 80ہزار روپے مالیت کا پیٹر انجن چرا کر لے گئے پولیس نے مقدمات درج کر لئے ہیں۔
