اوکاڑہ ،بڑھتے ہوئے حادثات سے بچاؤ اور عوام میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے ڈی آئی جی کی ہدایات پر اوکاڑہ میں دوروزہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی ٹریفک نے کالجز سکولوں اور اکیڈمی میں جاکر طلباء کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اورہارنیاں والاچوک میں کیمپ لگا کر شہریوں میں ٹریفک سے آگاہی کے پمفلٹ بھی تقسیم کیے،تفصیلات کے مطابق روز بروز ٹریفک کے حادثات کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کے حکم پر 2روزہ ٹریفک قوانین سے آگاہی کے نام سے مہم کا آغاز اوکاڑہ میں کردیا گیا جس میں ڈی ایس پی ٹریفک طارق جاوید،انسپکٹر راو ارشاد،سب انسپکٹرمحمد سہیل،سب انسپکٹر محمد اخلاص سمیت افسران نے پوسٹ گریجویٹ کالج اور مختلف سکولوں میں جاکر طلباء کو ٹریفک حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین سے آگاہی بارے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل زیادہ حادثات ون ویلنگ اور اور سپیڈ کی وجہ سے ہورہے ہیں اور بدقسمتی سے ون ویلنگ کرنے والوں میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جو ٹریفک قوانین سے آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے یہ عمل کرتے ہیں اور جب وہ حادثہ کا شکار ہوجاتے ہیں تواس سے نہ صرف وہ خود متاثر ہوتے ہیں بلکہ ان کے لواحقین بھی پوری زندگی اپنے بچے کی غلطی کی سزا بھگتے ہیں۔اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک طارق جاوید نے طلباء کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ون ویلنگ نہ کرنے کی تلقین کی جس کے بعد ٹریفک پولیس کی جانب سے ہارنیاں والا چوک سے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی واک شروع ہوئی جو محبوب عالم چوک میں اختتام پذیر ہوئی ٹریفک پولیس اہلکاروں نے شہریوں میں ٹریفک آگاہی کے پمفلٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ٹریفک قوانین کی اہمیت بارے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر مقامی انجن تاجران اور سول سوسائٹی نے ٹریفک پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے ضلع میں حادثات کی شرح بہت زیادہ ہے ٹریفک پولیس کی دوروزہ مہم سے یقیناًعوام مستفید ہوں گے
