اوکاڑہ ،جماعت اہلسنت پاکستان سواد اعظم کے مرکزی سربراہ صاحبزادہ پیر مفتی محمد فضل الرحمٰن اوکاڑوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے استحکام کیلئے اداروں کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے ۔عوام کو چاہیے کہ الیکشن 2018میں آزمائے ہوئے لوگوں کو نہیں بلکہ ووٹ کے ذریعے نئی قیادت کو منتخب کریں تاکہ ملک پاکستان کے حالات میں بہتری آسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ حنفیہ دارالعلوم اشرف المدارس اوکاڑہ میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار برائے ایم این اے راؤ حسن سکندر اور امیدوار برائے ایم پی اے چوہدری سلیم صادق کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر شیخ الحدیث مفتی احمد یار خان رضوی ،مفتی غلام یٰسین اشرفی الیکشن کیلئے علماء اہلسنت کی طرف سے منتخب کردہ کمیٹی کے ممبران قاری عاشق حسین القادری ،حافظ اشفاق احمد گجر،مولا پیر محمد خالد زاہد اشرفی سمیت علماء کرام تنظیمات اہلسنت کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔وسیع و عریض پنڈال میں جگہ کم پڑ گئی،صاحبزادہ پیر مفتی محمد فضل الرحمٰن اوکاڑوی نے کہاکہ الیکشن 2018میں نومنتخب قیادت کو چاہیے کہ عوام کے مسائل کے حل کرنے میں سنجیدگی کا اظہار کریں ۔عشائیہ میں موجود علماء کرام اور تنظیمات اہلسنت کے عہدیداران نے راؤ حسن سکندر اور چوہدری سلیم صادق کو 25جولائی 2018کو ووٹ دے کر کامیاب کروانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر دونوں امید واروں نے صاحبزادہ پیر مفتی محمد فضل الرحمٰن اوکاڑوی ،علماء کرام، تنظیمات اہلسنت کے عہدیداران اورعلماء کمیٹی کے ممبران قاری عاشق حسین القادری ،حافظ اشفاق احمد گجر،مولا پیر محمد خالد زاہد اشرفی کا25جولائی2018کو ووٹ دے کرکامیاب کرانے کی یقین دہانی پرشکریہ ادا کیا۔
