اوکاڑہ سے پیدل سعودی عرب پہنچنے والے عثمان ارشد کو حج کا ویزا مل گیا۔ 154

اوکاڑہ سے پیدل سعودی عرب پہنچنے والے عثمان ارشد کو حج کا ویزا مل گیا۔

رپورٹ:اوکاڑہ ڈائری

پاکستانی وزارت مذہبی امور کے ٹوئٹر اکاونٹ کے مطابق عثمان ارشد سے سعودی عرب میں پاکستان کے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ عثمان ارشد کے حج ویزے کے اجرا میں پاکستان حج مشن نے اہم کردارادا کیا۔ڈی جی حج کے مطابق عثمان ارشد کو عازمین حج کی سرکاری رہائش میں ٹھہرا یا گیا، جہاں حج مشن عازمین کو ہر قسم کی سہولت فراہم کر رہا ہے عبدالوہاب سومرو نے مزید کہا کہ عثمان ارشد پاکستانی نوجوانوں کیلیے ایک منفرد مثال ہے۔

ڈی جی حج کا کہنا تھا کہ عازمین کو رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جا رہی ہے، اس وقت 70 ہزار عازمین پاکستان سے مکہ پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی طالب علم عثمان ارشد نے اپنے سفر کا آغاز یکم اکتوبر 2022 کو اوکاڑہ سے کیا تھا اور13 اپریل 2023 کو سعودی عرب پہنچے تھے۔فریضہ حج کی ادائیگی کا خواب پورا کرنے کے لیے چھ ماہ اور تیرہ دن میں 5400 کلومیٹر کا حیران کن فاصلہ طے کیا۔ روزانہ 35 سے 60 کلومیٹر پیدل سفرکیا۔اپنی مہم کے دوران عثمان ارشد نے آٹھ لاکھ پچاس ہزار روپے خرچ کیے۔

پاکستانی طالبعلم تین ملکوں کے بارڈرز کو عبور کرتے ہوئے سعودی عرب پہنچے تھے جس وقت انہوں نے سفرکا آغاز کیا حج کیلئے ویزوں کا اجرا شروع نہیں ہوا تھا لہٰذا ان کے پاس صرف عمرے کا ویزا تھا۔پاکستان حج مشن نے فوری طور پر وزارت مذہبی امور اور سعودی حکام کے ساتھ رابطہ کیا تاکہ حج ویزے کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔عثمان ارشد نے حج ویزے کے حصول میں تعاون پر پاکستان حج مشن اور ڈائریکٹر جنرل حج کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ اوکاڑہ یونیورسٹی میں بی ایس ماس کمیونیکیشن کے طالبعلم عثمان ارشد سعودی عرب کا پیدل سفر کرنے سے قبل اوکاڑہ سے خنجراب پاس تک پیدل سفر کرچکے ہیں جو انہوں نے 34 دن میں مکمل کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں