تحریر:قاسم علی
تبلیغی جماعت دنیا بھر میں امن و سلامتی کا پیغام پھیلانے والی منفرد جماعت ہے۔کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کے ریہن سہن اور دیگر معاملات کو متاثر کیا وہیں تبلیغی جماعت کے ذمہ داران نے بھی حالات کے پیش نظر کچھ تبدلیاں کیں
جن میں سے ایک بڑے اجتماعات کی بجائے اپنے اپنے حلقہ جات میں اجتماع منعقد کرنے کی ہدائت بھی شامل ہے۔ اس سلسلے میں ہی دیپالپور کے تبلیغی مرکز مدنی مسجد میں اٹھارہ فروی سے تین روزہ روح پرور تبلیغی اجتماع شروع ہوا جو آج بروز ہفتہ صبح نو بجے رقت آمیز دعا کیساتھ اختتام پزیر ہوا۔
اختتامی دعا رائے ونڈ سے تشریف لانے والے بزرگ مولانا ضیالحق نے کروائی
تین روز جاری رہنے والے اجتماع میں ضلع بھر سے تبلیغی جماعت سے وابستہ اور عام شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت اور اجتماعی اعمال اور بیانات سے اپنے دلوں کو منور کیا۔
اپنے بیانات میں بزرگوں نے رجوع الی اللہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تبلیغی جماعت کا قیام ایک سال پہلے نہیں ہوا بلکہ یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک محنت ہے جو اللہ نے ہمارے ذمے لگائی ہے اور اس کو اختیار کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔
ان بیانات کے دوران بزرگوں نے ان باتوں پر زور دیا کہ
سرمایہ وہ نہیں جو موت کیساتھ ختم ہو جائے بلکہ سرمایہ وہ ہے جو مرنے کے بعد کام آئے۔مال کی بجائے اعمال کیلئے فکرمندی کو اپنانا ہوگا۔سب سے زیادہ عقل مند وہ ہے جو موت سے پہلے موت کی تیاری کرےبنک بیلنس اور گاڑی کے شوق کی بجائے مہمان نوازی،بیمار کی عیادت اور جنازوں میں شرکت کا شوق زندگی میں لائیں۔اپنے اور اللہ کے درمیان معاملات ٹھیک کر لو اللہ تمھارے اور دنیا کے مابین معاملات ٹھیک کر دے گا۔اگر فصلوں کا عشر نہیں دو گے تو بے برکتی آئے گی۔تمام زمینی اور آسمانی آفات ہماری بداعمالیوں کے باعث ہیں۔دین کے بغیر زندگی ویران اور برباد ہے۔دین کو اپنانے سے برکت،صحت اور دنیاوآخرت میں نجات ملے گی۔ہم یہ تو سمجھتے ہیں کہ دنیا کا سارا نظام اللہ چلا رہا ہے مگر جب کاروبار کی بات آتی ہے تو کہتے ہیں یہ ہم چلا رہے ہیں۔کیمرے کی انکھ آپ کو دیکھ رہی ہے کے جملے سے ڈرتے ہیں مگر ہم ہر وقت اللہ کی نظر میں ہیں یہ نہیں سمجھتے۔نفع نقصان کا مالک صرف اور صرف اللہ ہے۔
تبلیغی جماعت پر ایک سرسری نظر
محمد الیاس کاندھلوی کی قائم کردہ ایک اسلامی اصلاحی تحریک جو 1926ء میں قائم کی گئی۔ بنیادی طور پر فقہ حنفی کے دیوبندی مکتبۂ فکر سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ برصغیر پاک و ہند کے علاوہ دیگر کئی ممالک میں بھی سرگرم ہے۔
تبلیغی جماعت کے اصول
(انہیں چھ صفات اور چھ نمبر بھی کہا جاتا ہے)
ایمان
نماز
علم و ذکر
اکرام مسلم
اخلاص نیت
دعوت و تبلیغ

جماعت
جماعت اس تحریک کی ایک مخصوص اصطلاح ہے جو اس وقت استعمال کی جاتی ہے جب کئی افراد ایک مخصوص مدّت کے لۓ دین سیکھنے اور سکھانے کی خاطر کسی گروہ کی شکل میں کسی جگہ کا سفر کرتے ہیں ان کے دورے کی مدّت تین دن، چالیس دن، چار ماہ اور ایک سال تک ہو سکتی ہے۔ یہ افراد اس دوران علاقے کی مسجد میں قیام کرتے ہیں
گشت
کسی بھی جگہ کے دورے میں اپنے قیام کے دوران یہ افراد گروہ کی شکل میں علاقے کا دورہ کرتے اور عام افراد خصوصاً دوکاندار حضرات کو دین سیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے مسجد میں مدعو کیا کرتے ہیں۔ اس عمل کو جماعت کی اصطلاح میں ‘گشت’ کہا جاتا ہے۔
تعلیم
عموما چاشت کے وقت اور ظہر کی نماز کے بعد مسجد میں تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد ایک کونے میں مرتکز ہوجاتے ہیں اور کوئی ایک فرد فضائل اعمال کا مناسب آواز میں مطالعہ کرتا ہے تاہم اس امر کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ نماز و تلاوت میں مشغول افراد کے انہماک میں خلل نہ پڑے۔
فضائل اعمال کی تعلیم کا مقصد: اس كتاب کے تعلیم کے مندرجہ ذیل مقاصد ہیں۔ ۱۔ فضائل سن سن کر اعمال کا شوق پیدا ہو جائے۔ ۲۔ علم اور عمل میں جوڑ پیدا ہو جائے۔ ۳۔ مال سے ہٹ کر اعمال پر یقین بن جائے۔ ۴۔ سب کے دل قرآن و حدیث سے اثر لینے والے بن جائیں۔
: فضائل اعمال
دوسری تنظیموں کی طرح تبلیغی جماعت کے ساتھیوں کے لیے قرآن پاک کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اعمال کے فضائل سے متعلق ایک کتاب کا مطالعہ کرایا جاتا ہے۔ اس مجموعہ کو بھی کتابی شکل میں مرتب کیا گیا ہے جو فضائل اعمال کے نام سے موسوم ہے۔ اس کتاب کا مطالعہ جماعتوں میں چلتے ہوئے اور مقامی مسجد میں تسلسل سے کرایا جاتا ہے۔ اور اس كى علاوہ منتخب احادیث مؤلف محمد يوسف كاندھلوی صاحب كا بھی مطالعہ كيا جاتا ہے۔

سالانہ عالمی اجتماعات
رائے ونڈ اجتماع
عام طور پر اکتوبر کے مہینے میں لاہور کے قریب رائے ونڈ میں تین روزہ سالانہ اجتماع کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں۔ اس موقع پر یہاں ایک عارضی شہر آباد ہو جاتا ہے۔
بنگلہ دیش اجتماع
یہ بھی عام طور پر سال کے آخر میں منعقد ہوتا ہے۔ یہ مختلف شہروں میں کئی دنوں تک جاری رہتا ہے۔ اس اجتماع میں پورا بنگلہ دیش امڈ پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے اس اجتماع کو صرف ڈھاکہ میں انعقاد کے بجائے بنگلہ دیش کے کئی شہروں میں منعقد کیا جاتا ہے۔ کچھ سال قبل یہ صرف ڈھاکہ میں ہی منعقد ہوتا تھا۔
بھوپال اجتماع
یہ بھی سال کے آخر ماہ دسمبر میں منعقد ہوتا ہے جس میں ہند و بیرون ہند سے لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں۔ یہ اجتماع کئی سال قبل بھوپال کی مشہور مسجد تاج المساجد میں منعقد ہوتا تھا لیکن جگہ کے ناکافی ہونے کی بنا پر اسے شہر کے مضافات میں واقع ایٹ کھیڑی نامی جگہ میں منتقل کردیا گیا۔ اب اس اجتماع کا انعقاد تسلسل کے ساتھ اسی جگہ ہوتا ہے۔

مراکز تبلیغی جماعت
بھارت
بنگلہ والی مسجد تبلیغی جماعت کا اولین مرکز ہے۔ یہ مسجد دہلی میں بستی نظام الدین اولیاء میں واقع ہے۔
پاکستان
پاکستان میں تبلیغی جماعت کا مرکز رائے ونڈ میں واقع ہے۔
مدنی مسجد
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں واقع مدنی مسجد کراچی میں تبلیغی جماعت کا سب سے بڑا مرکز ہے جہاں ہر جمعرات کو بعد نماز مغرب کراچی کی سطح پر اجتماع ہوتا ہے جس مین اہلسنت کے جید علمائے کرام وعظ کرتے ہیں۔ عوام کی ایک کثیر تعداد اس محفل میں شریک ہوتی ہے۔