تجاوزات کے خلاف آپریشن ،کیا دیپالپور کھنڈر بننے جارہاہے ؟

تحریر:قاسم علی…
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے عوام نے بہت توقعات وابستہ کررکھی تھیں مگر اس حکومت نے آتے ہی کچھ ایسے فیصلے کئے ہیں جو انتہائی غیر مقبول تو ہیں ہی لیکن اس کیساتھ شائدیہ غیر معقول بھی ہیں کیوں کہ ان فیصلوں سے سب سے زیادہ وہی عام آدمی متاثر ہورہاہے جو پرانی پارٹیوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے عاجز تھا ۔
سب سے پہلے حکومت کی جانب سے بھٹہ خشت کی بندش نے بیشمار لوگوں کو متاثر کیا تو اب تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس کی زد میں آکرلاکھوں افراد کوروزی روٹی کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔نہ صرف یہ بلکہ اس آپریشن کی زد میں کئی دوکان مالکان،اورزرعی زمینوں کے مالکان بھی آجائیں گے جو لاعلمی میں سرکاری زمینیں خرید کر کے طویل عرصہ سے مطمئن بیٹھے تھے۔
tajawzaat k khilaf opration in depalpur okara
اکتوبر کے پہلے ہفتے سے ضلع اوکاڑہ میں بھی یہ آپریشن پورے زوروشور سے جاری ہےڈپٹی کمشنر ضلع اوکاڑہ رضوان نزیرنے کہا ہے کہ حکومت کی گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت پورے ضلع میں کاروائیاں روزانہ کی بناید پر جاری رہیں گی اور اس کیلئے میں نے تمام متعلقہ افسران کو ہرروز مجھ سے رابطہ رکھنے اور کارکردگی بارے بریفنگ دینے کی ہدایات دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قابض اور تجاوزات کے ذریعے عوام کیلئے مشکلات کھڑی کرنیوالوں کو ابتدائی نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں اور بعض جگہ نوٹس کی مدت ختم ہونے پر آپریشن شروع بھی کردیا گیا ہے۔اور اب تک 1588کنال اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے جس کی مالیت تقریباََ 75کروڑ روپے بنتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہروں میں تجاوزات کی بھرمار سے عوام اور خاص طور پر مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس سے شہر کا حسن بھی تباہ ہو کر رہ جاتا ہے ۔اسی طرح دیہی علاقوں میں بھی کئی سرکاری جگہوں پر لوگوں نے قبضے کررکھے ہیں جن کا ایک ایک انچ واپس لیا جائیگا۔انہوں نے بتایاکہ میں نے ضلع کی تینوں تحصیلوں رینالہ،دیپالپور اور اوکاڑہ میں انتظامیہ کو سختی سے ہدائت کی ہے کہ سرکاری زمینوں کو بلا امتیاز قابضین سے واگزار کرایا جائے اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی رعائت نہیں کی جائیگی۔
tajawzaat k khilaf opration in depalpur okara
دیپالپور کی تاجر برادری نے آپریشن کے حوالے سے کہا ہے کہ
تجاوزات کے خلاف آپریشن کا ہم تمام تر تحفظات کے باوجود احترام کرتے ہیں اور انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں مگر حکومت کو چاہئے کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے متعلقہ سول سوسائٹی کو بھی اس مشاورت میں شامل کرلیا جائے تاکہ اس کا بہتر حل نکل سکے اور کسی کو مشکل کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ ضلعی سطح پر بھی اب ڈپٹی کمشنر نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے جو کمیٹی بنائی ہے اس میں کسی تاجر رہنما کو شامل نہیں کیا گیا جو کہ افسوسناک ہے اگر ہمارا کوئی نمائندہ اس کمیٹی کا حصہ ہوتا تو ہم لازمی طور پر یہ مطالبہ کرتے کہ ہرتاجر کو دوکان کے سامنے کم از کم پانچ فٹ جگہ دینی چاہئے جہاں وہ اپنا مال ڈسپلے کرسکے اور باآسانی خریدوفرخت کرسکے۔
tajawzaat k khilaf opration in depalpur okara
تاہم تجاوزات کے خلاف اس آپریشن پرکئی حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی سامنے آرہاہے۔
پیرنوید اویسی مسلم لیگ ن کے ایک سرگرم رہنما ہیں ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے لوگوں کو گھر اور ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا مگر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر غریب افراد سے چھت اور روزگار چھینا جارہاہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پرانے نقشوں کے مطابق آپریشن کیا گیا تو آدھادیپالپور سٹی کھنڈر بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دیپالپور میونسپل کمیٹی کی جگہ گرانا غیر آئنی ہے وہاں پر سینکڑوں لوگ اپنا کاروبار کررہے ہیں اور ان دوکانوں کا کرایہ میونسپل کمیٹی دیپالپوروصول کرتی ہے ۔لہٰذا ان دوکانوں کو گرانا غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہوگا۔انہوں نے مقامی ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مطالبہ کیا کہ وہ اسمبلیوں مین ریکوزیشن جمع کرواکر اس آپریشن کو رکوانے کی کوشش کریں۔
tajawzaat k khilaf opration in depalpur okara
اوکاڑہ کی معروف شاہراہ اکبرروڈ کے اردگرد گزشتہ پچاس سالوں سے آباد مکینوں کو بھی فوری طور پر گھر خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس پران کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس مکانوں کی رجسٹریاں ہیں مگر حکومت ناجائز قبضہ گروپوں کی آڑ میں ہم سے بھی چھت چھیننے پر تلی ہوئی ہے جو کہ ہم ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔
tajawzaat k khilaf opration in depalpur okara
ریڑھی پر فروٹ لادے انتظامیہ سے خوفزدہ ایک باباجی سے جب میں نے پوچھا کہ آپ اس آپریشن پر کیا کہتے ہیں تو وہ پھٹ پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے نکمی اولاد سے عاجز ہوکر مجھے خود دھکے کھانے کیلئے بازار میں ریڑھی لگانا پڑی اور اب شاہی فرمان کے بعد مجھے وہاں سے بھی نکال دیا گیا ہے کہ آپ لوگ گزرگاہوں میں رکاوٹ ڈالتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چلو ٹھیک ہے کرلوآپریشن مگر مجھے یہ حکومت بتائے کہ جوریڑھی والے اور تھڑے پر بیٹھ کر پیٹ کا دوزخ بجھانے کیلئے تگ و دو کررہے ہیں ان کیلئے حکومت نے کیا متبادل انتظا م کیا ہے۔حکومت کو تجاوزات کے خلاف آپریشن سے پہلے اس متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا چاہئے تھا۔
tajawzaat k khilaf opration in depalpur okara
اس آپریشن کے تناظر میں کچھ لوگوں کا اوکاڑہ ڈائری سے گفتگو کے دوران یہ خیال بھی سامنے آیا کہ حکومت کا یہ بہت اچھا فیصلہ ہے جو بہت پہلے کرلیا جانا چاہئے تھا.خاص طور پر بازاروں میں دوکاندار حضرات اگر اپنی دوکان کا بیس ہزار کرایہ دیتے ہیں تو وہ پچیس ہزار کے قریب اپنے اگے ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں سے اکٹھا کرلیتے ہیں جس سے بازار تنگ ہوچکے ہیں.بلدیہ کی دوکانوں کے معاملے میں تو معاملہ اور بھی خراب ہے جہاں مخصوص لوگوں نے بلدیہ سے دوکانیں چھ سو روپے کرایہ پر لے رکھی ہیں مگر آگے تیس تیس ہزار کرایہ وصول کررہے ہیں ان ظالموں کے خلاف ایکشن ہونا ہی چاہئے.تاہم کچی بستیوں کے مکین غریب لوگوں کو ہرگز تنگ نہیں کرنا چاہئے.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button