حجرہ شاہ مقیم (نعیم غوری سے) ڈائریکٹر ایگریکلچر توسیع ساہیوال ڈویژن عبد الغفور غفاری نے کہا ہے کہ جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی کے بغیر نہ تو فی ایکٹر پیداوار کا مطلوبہ ٹارگٹ حاصل کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی زراعت کو منافع بخش بنایا جا سکتا ہے جڑی بوٹیوں سے چھٹکارا حاصل کر کے کاشتکار نہ صرف اپنی آمدن میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ اس عمل سے ملکی معیشت بھی مستحکم ہو گی جڑی بوٹیاں کھیت سے پانی اور کھادیں جذب کر کے فصلوں کا نقصان کرتی ہیں 47فیصد تک پیداوار میں کمی ہو سکتی ہے، کاشتکار بھائی جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کے لئے روایتی اور غیر روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ کیمیائی کنٹرول کے ذریعے ان کو تلف کریں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام منعقدہ جڑی بوٹی مار مہم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں کاشتکاروں ،وکلاء ،صحافیوں ،کاشتکار تنظیموں ،بیج کھاد اور زرعی ادویات کی کمپنیوں کے نمائندوں سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری فاروق جاوید ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع راؤ ریاض انجم نے جڑی بوٹیوں کی اقسام کو تلف کرنے کے طریقے ،کیمیائی کنڑول کے لئے زہروں کے استعمال ،طفیلی جڑی بوٹیوں سے متعلق آگاہی دی انہوں نے جڑی بوٹیوں کے تدارک کے لئے مختلف طریقہ کار سے متعلق بھی بتایا ،ڈائریکٹر ایگریکلچر توسیع ساہیوال ڈویژن عبد الغفور غفاری نے جڑی بوٹیوں سے ہونے والے نقصانات ،جڑی بوٹیوں کے پھیلاؤ ،پیداوار میں کمی ،پانی کے ضیاع ،روشنی میں رکاوٹ ،جڑی بوٹیوں کا فصل پر قبضہ ،کیڑے مکوڑوں اور فصلوں کی بیماریوں کے پھیلاؤ ،پیداواری اخراجات میں اضافہ اور فصل میں معیار کی کمی سے متعلق آگاہی دی ۔اس موقع پر کاشتکاروں کو داب کا طریقہ ،فصلوں کے ادل بدل ،فی ایکٹر پودوں کی تعداد کو پورا کر کے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ ،قطاروں میں کاشت ،گوڈی کا طریقہ اور جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ زرعی آلات بتایا بعد ازاں سیمینار کے شرکاء نے جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کے لئے علامتی طور پر گوڈی کی اور جڑی بوٹیوں کو اکھاڑا شرکاء سیمینار نے عوامی آگاہی کے لئے محکمہ زراعت کے دفتر سے ڈپٹی کمشنر آفس تک علامتی آگاہی واک بھی کی ۔
