حجرہ شاہ مقیم (نعیم غوری سے )محکمہ وائلڈ لائف کی کاروائی ،نایاب پرندے ’’فالکن‘‘ کے چار شکاری پکڑے گئے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر شوکت علی طاہر اوروائلڈ لائف انسپکٹر ریاض احمد و دیگر نے دریائے ستلج کے کنارے واقع گھنے جنگل میں کاروائی کرتے ہوئے نایاب پرندے ’’فالکن‘‘ کا شکار کرنے والے چارماہر شکاری اسرار احمد،محبوب،شوکت اور اعجاز کو رنگے ہاتھوں دھر لیا اورانکے قبضے سے آلات شکار بھی برآمد کر لئے ،ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر شوکت علی طاہر نے صحافیوں کو بتایا کہ فالکن نامی پرندہ پکڑ کر بیس سے پچیس لاکھ تک میں فروخت کیا جاتا ہےشکاریوں کا تعلق بہاولنگر سے ہے جویہاں خصوصی طور پر نایاب پرندوں کے شکار کیلئے آئے تھے ،شکاریوں کو چالیس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا.انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ ممکن بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
