دیپالپور کے نواحی علاقہ حجرہ شاہ مقیم محلہ عید گاہ میں محکمہ صحت کی ملازمہ چالیس سالہ بیوہ نبیلہ بی بی کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ اپنی والدہ کے گھر سے نکل کر ڈیوٹی پر اسپتال جارہی تھی۔ نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی فائرنگ سے نبیلہ بی بی جاں بحق ہوگئی جبکہ قاتل فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس تھانہ حجرہ شاہ مقیم موقع پر پہنچ گئی جبکہ ورثاء کی جانب سے ڈیڈ باڈی کو پوسٹمارٹم کیلئے پولیس کو منع کردیا گیا۔ مقتولہ سابق خاتون ایم پی اے رہنما ق لیگ انجم خالد کی بہن تھی ۔
یاد رہے چند ماہ قبل اس کے خاوند مشتاق کو گاڑی سے اتار کر قتل کردیا گیا تھا جس کی تحقیقات کرتے ہوئے منڈی احمد آباد پولیس کے ایس ایچ او اخترخان نے جواد نامی شخص کو گرفتار کرلیا جس نے انکشاف کیا کہ اس نے مقتول کی بیوی نبیلہ کے کہنے پر مشتاق کو قتل کیا ہے۔جس کے بعد نبیلہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا ۔اس قتل کا مقدمہ تھانہ منڈی احمد آباد میں درج ہے مقتولہ ضمانت پر رہا تھی ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق تفتیش میں ہی سامنے آئینگے مگر شبہ ہے کہ خاتون کو اسی رنجش میں قتل کیا گیا ہے۔