رپورٹ:قاسم علی
تصاویر:منابھائی
دیپالپور سے چند کلومیٹر دور حویلی لکھا کے گاؤں ملہو شیخو کے قریب کشتی ڈوبنے کے باعث کئی افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔اس افسوسناک حادثے میں بچ جانیوالے افراد نے اوکاڑہ ڈائری کو بتایا کہ منچن آباد سے بیس سے زائد افراد ملہوشیخو میں ایک جنازہ میں شرکت کیلئے آرہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آگیا۔

منشانامی ایک شخص کا کہنا تھا کہ کشتی میں زیادہ افراد اور موٹرسائیکلوں کی وجہ سے یہ سانحہ پیش آیا ہے۔ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ سب ٹھیک چل رہاتھا مگر کنارے سے چند قدموں کے فاصلے پر کشتی کا ایک تختہ ٹوٹ گیا اور کشتی ڈوبنے لگی اسی دوران ہی جو لوگ تیراک تھے انہوں نے کشتی سے چھلانگیں لگادیں جس سے کشتی کا بیلنس خراب ہوگیا اور وہ ڈوب گئی۔

افسوسناک واقعہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اس کا فوری نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم جاری کردیا. واقعہ کی اطلاع پر مقامی ایم این اے میاں معین خان وٹو،ایم پی اے میاں نورالامین ناصر وٹو، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خان اور ریسکیو ادارے بھی موقع پر پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں آپریشن مکمل کروایا

آخری اطلاعات تک کشتی میں سوار آٹھ بدقسمت افراد کی نعشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ چودہ افرادکے زندہ بچ جانے کی اطلاعات ہیں۔نعشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے جو اپنے پیاروں کو لے کر منچن آباد روانہ ہوگئے ہیں جہاں ان کی نمازجنازہ اور آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

حویلی لکھا میں اس سانحے کے بعد فضا انتہائی سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے کس کو خبر تھی کہ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آنیوالوں کا آج اپنا جنازہ پڑھا جائے گا۔
