حویلی لکھا(محمد احمدساجد سے)کھلے مین ہول بعض اوقات بہت جان لیوا ثابت ہوتے ہیں اور ہر سال کئی افراد اس انتظامی غفلت کی وجہ سے زخمی ہوجاتے ہیں بلکہ کئی بار تو بچوں کی اموات بھی ہوجاتی ہیں ایسا ہی حویلی لکھا میں اس وقت ہوا جب حجرہ روڈ کے ساتھ قائم رفیق ٹاون میں گلی کے بہت سارے بچے کھیل رہے تھے کہ چار سالہ ریحان فرید وہاں پر موجود ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کےایک مین ہول میں جاگرا.اس افسوسناک واقعہ کوقریب ہی موجود ایک سولہ سالہ نوجوان علی حیدر نے دیکھا اور ہمت اورجرآت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 فٹ گہرے مین ہول میں بروقت اتر کر اس بچے کو زندہ سلامت باہر نکال لایا.بچے کی والدہ اور اہل محلہ نے سولہ سالہ نوجوان علی حیدر کو اس کی بہادری پرشاباش دی ہے جبکہ اس کیساتھ ہی لوگوں نےکالونی کے مالک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے.عوام کا کہنا ہے کہ اس کالونی کے تمام گٹر ڈھکنوں کے بغیر ہیں اور اس سے پہلے کہ کسی بھی وقت مزید کوئی بڑا حادثہ پیش آ ئے انتظامیہ ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کرے اور تمام مین ہولز کے ڈھکن لگوائے جائیں.
