حویلی لکھا، چاند بی بی ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مفت روٹی پروجیکٹ شروع کر دیا

تحریر:قاسم علی

ایک زرعی ملک میں آج کل عوام جس طرح آٹے کے حصول کیلئے دربدر ہیں ایسا ماضی میں شائد ہی کبھی ہوا ہو ۔اس صورتحال کی وجہ حکومتی بدانتظامی کیساتھ ساتھ سرمایہ داروں کی جانب سے ذخیرہ اندوزی بھی ہے ۔مگر اسی کڑے وقت میں درد دل رکھنے والے ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو غریب افراد کی مدد کیلئے اللہ کے دئیے ہوئے مال کو خرچ کر کے اللہ اور اس کی مخلوق کو راضی کر رہے ہیں دیوان شاہزیب بھی ان میں سے ایک ہیں ۔

دیوان شاہزیب کے حالیہ احسن اقدام بارے آگاہ کرنے سے قبل ہم اپنے ناظرین کو بتاتے چلیں کہ دیوان شاہزیب دیپالپور کے نواحی علاقہ حویلی لکھا کی معروف سماجی شخصیت ہیں جن کو مقامی لوگ ان کی خدمات کے سبب خادم حویلی لکھا کے نام سے پکارتے ہیں چند برس قبل دیوان شاہزیب کی والدہ کا انتقال ہوا تو انہوں نے اپنی والدہ کے نام پر چاند بی بی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نام سے ایک تنظیم قائم کر دی جس کا مقصد معاشرے میں بہتری لانا اور خاص طور پر غریب اور سفید پوش طبقے کی مدد کرنا ہے۔

دیوان شاہزیب چاند بی بی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سینکڑوں بچیوں کی شادی کا اہتمام کر چکے ہیں،کرونا وائرس کے دنوں میں اس وقت تک مزدور طبقے کو راشن فراہم کیا جاتا رہا جب تک کرونا وائرس ختم نہیں ہو گیا،صحت کے حوالے سے بات کریں تو چاند بی بی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے آئے روز میڈیکل کیمپ منعقد کیا جاتا ہے جس میں نہ صرف انتہائی ماہر ڈاکٹرز کے ذریعے چیک اپ بلکہ ادویات اور ٹیسٹ بھی سو فیصد مفت کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی دیوان شاہزیب وقتاََ فوقتاََ مختلف مواقع پر لوگوں کی مدد کرتے رہتے ہیں اور اب رمضان المبارک کی آمد پر انہوں نے حویلی لکھا میں مفت روٹی پروجیکٹ شروع کیا ہے جس کے تحت سفید پوش افراد کو مفت روٹی فراہم کی جائے گی۔

دیوان شاہزیب احمد کا کہنا ہے کہ رحمتوں،برکتوں سے بھرے ماہ رمضان میں نیکیاں کمانے کا بہترین وقت اور موقع ہے انشااللہ اس بار بھی حویلی لکھا کے مختلف مقامات پر تندروں سے فری روٹی ملے گی اس کیلئے نہ آپ کو اپنی کوئی شناخت کرانے کی ضرورت ہو گی اور نہ ہی کسی کارڈ کی ضرورت ہو گی۔آپ کے گھر میں پوری عزت اور وقار کے ساتھ پورے ماہ کی فری روٹی کی پرچی چاند بی بی ویلفیر فاونڈیشن اور وائس آف حویلی کے نمائندہ کے ذریعے پہنچ جائے گی۔اور آپ روزانہ کی بنیاد پر تندور سے فری روٹی حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے دیگر مخیر حضرات کو بھی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر اپنے حصہ کا چراغ روشن کریں اور کچھ نہ کریں، دوسروں کے لیے احساس ہی پیدا کریں کیوں احساس ایک بہت نعمت اور نیکی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button