گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی حویلی پریمیئر لیگ نے اپنا رنگ خوب جمایا ۔سرشام ہی حویلی لکھا کی عوام سٹیڈیم کا رخ کرتی اور رات گئے تک میچز سے بھرپور لطف اٹھاتی.حویلی پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں بیالیس ٹیموں نے حصہ لیا تاہم وائس آف حویلی لکھا ،الہادی گلیڈی ایٹرز،حویلی قلندر اور کلس نائٹ رائیڈرز کی ٹیمی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرپائیں۔ وائس آف حویلی لکھا اور الہادی گلیڈی ایٹرزکے مابین سیمی فائنل میں کامیابی نے وائس آف حویلی لکھا کے قدم چومے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں کلس نائٹ رائیڈرز نے حویلی قلندر کو شکست دی تھی ۔
فائنل میں کلس نائٹ رائیڈرز اور وائس آف حویلی لکھا کے درمیان جوڑ پڑا ۔کلس نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پانچ اوورز میں 65رنز بنائے جو کہ وائس آف حویلی لکھا تیمورمرزا،وسیم لیفٹی اور طاہربنڈی کے یکے بعد دیگر آؤٹ ہوجانے کی وجہ سے عبور نہ کرپائی۔ جیتنے والی امجدخان کلس کی ٹیم کلس نائٹ رائیڈرز کو دو لاکھ روپے نقد اور ٹرافی سے نوازا گیااور چیئرمین حویلی لکھا شعیب قادر وٹو نے بھی پچاس ہزار روپے فاتح ٹیم کو دئیے جبکہ دوسرے نمبر پر رہنے والی محترم دیوان شاہزیب کی ٹیم وائس آف حویلی لکھا کو ایک لاکھ روپے اور رنر اپ ٹرافی دی گئی ۔علاوہ ازیں پورے ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات کا سلسلہ جاری رہا۔اس موقع پر معروف سیاسی و کاروباری شخصیت باباصفدر نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بیش قیمت سوٹ بطور تحفہ پیش کئے ۔یہی نہیں بلکہ میچ دیکھنے کیلئے آنے والے شائقین بھی خالی ہاتھ نہیں رہے اور ان میں بھی بذریعہ قرعہ اندازی پانچ موٹرسائیکل اور دس بی ایم ایکس سائیکلیں تقسیم کی گئیں اس کے عاوہ خواتین میں بھی بیشمار انعامات تقسیم کئے گئے۔شائقین نے کامیاب اور یادگار ٹورنامنٹ منعقدکروانے پرتمام منتظمین اور خصوصاََ میاں شعیب قادر وٹو،دیوان شاہزیب کا بھرپور شکریہ اداکیا۔
