رپورٹ:قاسم علی
اسسٹنٹ کمشنر کی سیٹ خالی ہونے پررمضان بازار بھی خالی ہوگیا،دوکاندار من مانے نرخ وصول کرنے لگے،اکثراشیائے خوردونوش غائب تفصیلات کے مطابق دیپالپور میں اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور کی سیٹ کئی روز سے خالی ہے جس کی وجہ سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث عوام کی سہولت کیلئے لگایا رمضان بازار بھی ویرانی کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں پر کھانے پینے کی اکثر اشیاءاول تو دستیاب ہی نہیں ہیں اور جو موجود ہیں وہ ناقص بھی ہیں اوران کے ریٹس بھی اپنی مرضی کے وصول کرنے کی شکایات عام نظر آرہی ہیں۔

رمضان بازار میں خریداری کیلئے آئے شہریوں نے اتحاد پریس کلب اور اوکاڑہ ڈائری کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے حکام بالا نوٹس لیں اور جلد از جلد اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔اس موقع پر لوگوں نے بتایا کہ رمضان بازار میں سیکیورٹی کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے واک تھرو گیٹ کا ڈھانچہ تو کھڑا کردیا گیا ہے مگر یہ فنکشنل نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رانا اورنگزیب کی موجودگی میں مہنگائی خاصی حد تک کنٹرول میں تھی کیوں کہ وہ باقاعدگی سے رمضان بازار اور عام مارکیٹ کا وزٹ کرتے تھے مگر اب سب دوکاندار شتربے مہار ہوگئے ہیں کیوں کہ اب کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔