depalpur zimni baldiati election report 804

دیپالپور،بلدیاتی ضمنی الیکشن کے دلچسپ اور کانٹے دارمقابلوں کا احوال

تحریر؛قاسم علی
الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کے چار حلقوں میں ضمنی انتخابات منعقد ہوئے ۔21دسمبر کو ہونیوالے ان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف،پاکستان مسلم لیگ ن اور آزاد امیدواران میدان میں اترے۔ایک نشست پر پاکستان تحریک انصاف کامیاب ہوئی جبکہ ایک سیٹ پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے نام کی جبکہ دو جگہ آزاد امیدواران نے کامیابی سمیٹی۔ان حلقوں کے انتخابات میں حصہ لینے والوں اور کامیاب امیدواران کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
یونین کونسل 115پھلاں تولی۔
اس نشست پر تین امیدوارمدمقابل تھے۔
سیدتوفیق حیدرشاہ
سیدشان رسول شاہ
سیدمحبوب علی شاہ
تاہم اصل مقابلہ سید توفیق حیدرشاہ اورسیدشان رسول شاہ کے درمیان تھا جبکہ سید محبوب علی شاہ کی شرکت علامتی ہی تھی ۔ سیدشان رسول شاہ مسلم لیگ ن کے امیدوار تھے جو انتخابی نشان شیر پر الیکشن لڑرہے تھے جبکہ سیدتوفیق حیدر شاہ آزاد امیدوار تھے جن کا انتخابی نشان بالٹی تھا اور سیدمحبوب علی شاہ گائے کے انتخابی نشان پر حصہ لے رہے تھے۔اس انتخابی دنگل میں کامیابی نے سیدشان علی شاہ کے قدم چومے جو 570ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ سیدتوفیق حیدر شاہ 274ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
depalpur zimni baldiati election report
میونسپل کمیٹی بصیرپور۔
یہاں پر بھی جنرل کونسلر کی نشست پر چار امیدوار کھڑے تھے ۔
میاں خالدامتیاز وٹو(پاکستان تحریک انصاف)
میاں فیاض احمدکھوکھر(پاکستان مسلم لیگ ن)
میاں عمرحیات خان وٹو(آزاد)
ظہور احمد(آزاد)
سچ کہتے ہیں کہ ایک ووٹ بھی فتح اور شکست کا فیصلہ کردیتا ہے اس حلقہ میں ایسا ہی ہوا ۔ضلع اوکاڑہ کے چاروں حلقوں میں سے یہ مقابلہ سب سے زیادہ دلچسپ رہا جس میں پی ٹی آئی کے امیدوار میاں خالدامتیازوٹونے اپنے مخالف امیدوار میاں فیاض احمدکھوکھر کوصرف دو ووٹوں کی برتری سے شکست دی۔میاں خالدامتیاز وٹو نے 707جبکہ میاں فیاض احمد کھوکھر 705ووٹوں تک پہنچ پائے ۔ یوں پاکستان تحریک انصاف نے پھلاں تولی میں شکست کا بدلہ بصیرپور میں چکادیا۔دیگر امیدواران میں آزادامیدوار کی حیثیت سے حصہ لینے والے میاں عمرحیات وٹو5جبکہ ظہور احمد صرف 2ووٹ لے پائے۔میاں خالدامتیاز وٹو کو میاں منظوراحمدخان وٹوکی بھرپور حمائت حاصل تھی۔
بھگوان پورہ یونین کونسل۔
بھگوان پورہ یونین کونسل میں جنرل کونسلر کی سیٹ پر دوامیدواروں میں ون آن ون مقابلہ تھا ۔یہ بھی ایک بہت اچھا مقابلہ تھا جس میں دونوں امیدواروں نے خوب میچ کھیلا اور اچھے خاصے ووٹ لئے ۔ آزاد امیدوار غلام فرید نے شیرکے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنے والے میاں رونق عباس مہارکو ہرادیا۔غلام فرید کے بالٹی کے نشان کو 553جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں رونق عباس مہار کو 496ووٹ ملے۔ یوں غلام فرید 59ووٹوں کی برتری سے جیت گئے۔
depalpur zimni baldiati election report
حجرہ شاہ مقیم۔یونین کونسل نمبر 2
اس نشست پر تین کھلاڑی آمنے سامنے تھے اور اس الیکشن کی خاص بات یہ تھی کہ تینوں امیدوار آزاد حیثیت میں حصہ لے رہے تھے۔چوہدری محمدبوٹا انتخابی نشان بالٹی ،چوہدری نوراحمد تبسم کمبوہ بوتل جبکہ محمدیار کا نشان ڈرم تھا۔اس مقابلے میں محمدیار کو تو صرف 19ووٹ ملے مگر چوہدری محمدبوٹا اور نوراحمدتبسم کے درمیان بہت کانٹے دار میچ دیکھنے کو ملا لیکن آخرکار کامیابی چوہدری محمدبوٹا کے حصے میں آئی جنہوں نے 458ووٹ لئے جبکہ نوراحمدتبسم 443ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔یہ سیٹ جنرل کونسلر رانا نومی کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔
تمام حلقوں میں الیکشن پرامن رہا اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں