دیپالپور کے نواحی گاؤں نتھو شاہ میں الحمد اسلامک سائنس سکول اور موضع لوہاری والا میں یونیک ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیراہتمام رزلٹ ڈے کی سالانہ تقریبات منعقد ہوئیں جن میں معروف سکالر پروفیسر ڈاکٹر امجد وحید ڈولہ،محترمہ جہاں آراء وٹو، تحصیل کوآرڈینیٹر ایجوکیشنل سوسائٹی اعجاز احمد،محمد اصفر اور محمد اویس نے خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد وحید ڈولہ نے کہا کہ اساتذہ قوم اور نئے پاکستان کے اصل معمار ہیں بڑا آدمی بڑے اور مہنگے سکولوں میں پڑھنے سے نہیں بنتا بلکہ ایک اچھے استادکی تعلیم و تربیت بڑے انسان پیدا کرتی ہے دورافتادہ دیہاتوں میں علم کی شمع روشن کرنے والے ان سکولوں کا قوم کو مشکور ہونا چاہئے ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر زیادہ فیسیں وصول کرنے والے سکول یہ دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں کہ وہ بچے میں اعتماد پیدا کرتے ہیں مگر اللہ نے غریب بچوں کو پیدائشی طور پر ہی ایسی صلاحتوں سے نوازا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اساتذہ پر بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے بہترین استاد وہ ہوتا ہے جو بچوں کیلئے یہ فیصلہ کرنا مشکل کردے کہ انہیں اپنے والدین سے زیادہ پیار ہے یا اپنے استاد سے ۔اس موقع پر بچوں کے والدیں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے سکول انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا.
