دیپالپور،جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکرجمہوری جدوجہد وقت کا اہم تقاضا ہے،ڈاکٹرامجدوحیدڈولہ
دیپالپور،پاکستانی معاشرہ سیاسی گھٹن کا شکار ہے،جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکرجمہوری جدوجہد وقت کا اہم تقاضا ہے،ریاست کی آڑ لے کرپروان چڑھنے والے غیرریاستی عناصر مستقبل کیلئے خطرناک ہیں ان خیالات کا اظہار معروف سکالر سیاسی و سماجی شخصیت پروفیسر ڈاکٹرامجدوحید ڈولہ نے اتحاد پریس کلب دیپالپور کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت جماعتی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر جمہوریت کی بقا کیلئے عوامی سطح پرجدوجہد کرنے کا ہے ۔ موجودہ حکومت کا ہوم ورک نہ ہونے کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا کہ اقتدار میں آنے کے دس ماہ بعد تک بھی وہ تعلیم اور صحت جیسے اہم اور بنیادی شعبوں کیلئے کوئی ماڈل تو دور کی بات کوئی پالیسی بھی وضع نہیں کرپائی ۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کسی بھی ملک کا سرمایہ افتخار ہوتی ہیں مگر ان فورسز کی آڑ لے کر پروان چڑھنے والا منفی سوچ کا حامل غیرریاستی طبقہ معاشرے اور ملک کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اوریہ عناصرمستقبل میں معاشرے اور ریاست کیلئے دہشتگردی سے بھی بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔ ریاستی اداروں کو ایسے عناصر کی روک تھام کیلئے ابھی سے موثراقدامات کرنے چاہیءں اور ان غیرریاستی عناصر کو ریاستی اداروں کی اونرشپ کا دعویٰ کرنے کا موقع نہیں دینا چاہئے ۔