حکومت کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے ہرممکن کوشش کررہی ہے،آزمائش کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،عثمان بزدار تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے دیپالپور کا وزٹ کیاجس میں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال دیپالپور کاوزٹ کیا اور وہاں پر کرونا سے متاثرہ مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کا جائزہ لیا ان کا کہنا تھا کہ کرونا سے بچاوَ کیلئے ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے گندم خریداری مرکز کا دورہ بھی کیا اور کسانوں کے مسائل سنے یہاں ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے گرداوری کی شرط ختم کردی ہے انشا اللہ ہر صورت کسانوں کے مفادات کا خیال رکھا جائے گا اور اگر کوئی شکاءت کسی بھی سنٹر سے آئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ دورہ کے دوران صوبائی وزراء سیدصمصام بخاری،نعمان لنگڑیال،اعجاز عالم آگسٹینمیاں انس اسلم ڈولہ،میاں خرم جہانگیر وٹو اور دیگر مقامی ٹکٹ ہولڈرزبھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی تعمیر جلد از جلدیقینی بنانے اور فنڈز کی فوری فراہمی کا اعلان کیا ۔ دیپالپور اوکاڑہ روڈکے حوالے سے بھی ان کا کہنا تھا کہ جون کے بجٹ میں دیپالپور اوکاڑہ روڈ کیلئے فنڈ مختص کرکے اس کو ون وے بنانے کا کام شروع کردیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں صحت کی سہولیات بارے شکایات پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید اور ایم ایس ڈی ایچ کیو اوکاڑہ کو تبدیل کردیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد پر صحافیوں کو کوریج کرنے سے روک دیا گیاجس پر مقامی صحافیوں نے احتجاج بھی کیا ۔ دوسری جانب وزٹ سے پہلے انتظامیہ کی پھرتیاں دیکھنے میں آئیں اور شہر میں جہاں بھی گڑھے پڑے ہوئے تھے ان کو ہنگامی بنیادوں پر بند کردیا گیا جبکہ سرکاری ملازمین ہر جگہ رنگ و روغن کروانے میں کوشاں رہے ۔ اس پر کئی شہریوں نے ازراہ مذاق یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ کو ہرماہ دیپالپور کا وزٹ کرنا چاہئے تاکہ اس کی حالت ٹھیک ہوتی رہے ۔
