دیپالپور،حکومت کے خاتمے پردیپالپور میں پی ٹی آئی ورکرز کاپاورشوکتنا کامیاب رہا؟ 282

دیپالپور،حکومت کے خاتمے پردیپالپور میں پی ٹی آئی ورکرز کاپاورشوکتنا کامیاب رہا؟

رپورٹ:اوکاڑہ ڈائری

سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے ردعمل میں ملک کے کئی شہروں میں احتجاج دیکھنے میں آیا خاص طور پر راولپنڈی ،کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، چلاس، کوہاٹ، چیچہ وطنی، جہانیاں، میانوالی، بہاولنگر، منڈی بہا الدین، سکھر، کندھ کوٹ، خیرپور اور تھر پارکرمیں بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔

دیپالپور میں بھی پی ٹی آئی ورکرز نے پر امن احتجاج کیا اور عمران خان کو گھربھیجنے کی شدید مذمت کی ،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر امپورٹڈ حکومت نامنظور،امریکی غلامی نامنظور اور ایبسولیوٹلی ناٹ کے فقرے درج تھے۔اس موقع پر احتجاج کے شرکاء نے عمران خان کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی اور پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کو امریکی منصوبہ قرار دیا۔

اتوار کی رات عشاء کے بعد مجموعی طور پرتین ریلیاں نکالی گئیں جن میں سے ایک کی قیادت ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف طارق ارشاد خان کر رہے تھے یہ ریلی انصاف ہاؤس دیپالپور سے شروع ہو کر مدینہ چوک پہنچی تھی جبکہ متحرک سیاسی شخصیت راؤکامران شفیق اور سابق تحصیل صدر ڈاکٹر چوہدری اشعث محمود بھی سینکڑوں عمران خان لورز کیساتھ احتجاج میں شریک تھے اور اس کے علاوہ تاجروں،وکلاء اور عام شہری بھی عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں موجود تھے۔مدینہ چوک ان تمام ریلیوں کا مرکز تھا جہاں پر کافی زیادہ رش تھا اور کافی دیر سڑک بھی ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی ریلی کے شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا ۔

تحصیل صدر پاکستان تحریک انصاف لائرز فورم دیپالپور میاں کلیم اللہ ڈولہ ایڈووکیٹ نے اوکاڑہ ڈائری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ہٹانا امریکی ایجنڈے کو تکمیل تک پہنچانے کی سازش ہے جس کو عوام کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔عمران خان نے آزادی اور خودمختاری کی بات کی جو امریکہ کو پسند نہیں آئی اور اس نے اپنی کٹھ پتلیوں کو استعمال کر کے حکومت کا تختہ الٹ دیا،امریکہ نے حکومت تو ختم کردی مگر عوام کے دلوں سے عمران خان کی محبت کو ختم نہیں کیا جا سکتا ۔

سابق تحصیل صدر دیپالپورڈاکٹر چوہدری اشعث محمودنے کہا کہ عمران خان کو اقتدار سے ہٹانا پاکستانی عوام کی بدقسمتی ہے جس کا خمیازہ ہماری آنیوالی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا ۔عمران خان نے طاغوت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور اس کی یہ ادا امریکی غلاموں کو ایک آنکھ نہیں بھائی اور انہوں نے ایک سوچی سمجھی سازش رچا کر حکومت ختم کردی مگر عوام کا یہ رش بتا رہا ہے کہ اس نے اس فیصلے کو قبول نہیں کیا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اس میں ہزاروں افراد شریک تھے مگر دوسری جانب مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ شرکاء کی تعداد اتنی زیادہ نہیں تھی جتنا پی ٹی آئی والے پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ان کے مطابق احتجاج کی وجہ سے سڑک بلاک ہوگئی اور ٹریفک رک جانے کی وجہ سے یہاں پر رش مچ گیا جس کو پی ٹی آئی کامیاب ریلی قرار دے رہی ہے ۔

تاہم یہ حقیقت ہے کہ حکومت کے خاتمے کے بعد پہلے روز دیپالپور میں پاکستان تحریک انصاف کا یہ ایک کامیاب پاورشو تھا خاص طور پر ایک ایسے شہر میں جہاں سے تحریک انصاف کا کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوا اور مقامی قیادت بھی کوئی خاص متحرک نہیں رہی ایسے میں اتنے افراد کا جمع ہونا کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں