رمضان المبارک عفودرگزرکا درس دیتا ہے مگراس مہینے کے شروع میں ہی اسسٹنٹ کمشنر دیپالپورعابدحسین بھٹی کی جانب سے غریب سبزی و فروٹ فروشوں پرقہرتوڑاگیا ہے انتظامیہ اگر ہمیں کوئی ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم ہم پر ظلم تو نہ کرے اور ہمیں بچوں کی روزی کمانے دے ۔یہ کہناتھا سبزی بازار کے سبزی فروشوں کا جن پرآج اسسٹنٹ کمشنر بہت بری طرح برسے ۔سبزی بازار کے دوکانداروں اور ریڑھی بانوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور عابدحسین بھٹی نے سبزی بازار دیپالپور میں غریب ریڑھی بانوں پر ظلم ڈھاتے ہوئے تمام ریڑھیاں الٹادیں ہیں اوراس کے کارندوں نے دوکانداروں کوگالیاں بھی دیں اور ان کے فروٹ اور گلے بھی اٹھالے گئے
دوکانداروں کا کہنا تھا کہ انہیں رمضان بازار میں سٹال نہ لگانے کی سزادی گئی ہے ۔ان کا کہناتھاکہا کہ گزشتہ نو سال سے ہم خسارہ برداشت کررہے ہیں مقامی انتظامیہ ہم سے رمضان بازاروں میں سٹال لگواتی ہے مگرہمیں کوئی سبسڈی نہیں دی جاتی ۔جبکہ حکومت کی جانب سے ملنے والا فنڈ یہ افسران خود کھاجاتے ہیں دوکانداروں نے اسسٹنٹ کمشنر کے اس جارحانہ رویے پر شدید احتجاج کیا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اس نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا ہے تاہم دوکانداروں نے کہا کہ انہیں تجاوزات ہٹانے کیلئے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا جو کہ طریقہ کارہوتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ سراسر ظلم ہے اور اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ہمارے خلاف انتقامی کاروائی کی گئی ہے۔جس پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور کمشنر ساہیوال کو فوری نوٹس لینا چاہیے.
