ضلع اوکاڑہ میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی 249

دیپالپور،رینالہ،حویلی لکھا اور اوکاڑہ میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی

رپورٹ:قاسم علی
زندگی میں بارشیں اور طوفان تو پہلے بھی بہت دیکھے مگر رات کو ہونیوالی طوفانی بارش نے جو تباہی مچائی ایسی مثال ضلع اوکاڑہ کی تاریخ میں اس سے قبل دیکھنے کو نہیں ملتی۔

شب آٹھ بجے کے قریب شروع ہونیوالا طوفان اور بارش درجنوں گھروں کو ویران کرگیا اس رات ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد بھی شامل ہیں جو چھت گرنے سے دارفانی سے کوچ کرگئے۔

سب سے پہلی ہلاکت حویلی لکھا میں ہوئی جہاں مکان کی دیوار گرنے سے پچاس سالہ شخص احمد علی جاں بحق ہوگیا۔

اس کے بعد اوکاڑہ غوثیہ مسجد چوک میں درخت گرنے سے ایک شخص محمد سہیل ولد لطیف بعمر تقریباً 40/45 سکنہ Dبلاک جاں بحق ہو گیا مرحوم وہاں پر چنا چاٹ کی ریڑھی لگاتا تھا۔
ضلع اوکاڑہ میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی

اوکاڑہ کے نواحی علاقے بنگلہ گوگیرہ میں تو قیامت صغریٰ برپا ہوگئی جہاں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد انتقال کرگئے مرنیوالوں میں عورتیں اور بچے شامل تھے چار افراد زخمی بھی ہوئے ۔ریسکیو ذرائع نے اوکاڑہ ڈائری کو جو تفصیلات فراہم کیں وہ یہ ہیں۔
اوکاڑہ: چھت کے ملبے تلے جانبحق ہونے والوں کی شاخت
1) طاہرہ بی بی زوجہ نزیر (35 سال)
2) رانی بی بی زوجہ مقصود (42سال)
3) عزراں بی بی زوجہ وریام (70 سال)
4) تنزیلہ دختر سلیم (7 سال)
5) حارث ولد سیلم (3 سال)
6) وارث ولد سیلم (2سال)
7) ضمن رضا ولد نزیر (5 سال)
8) شگفتہ زوجہ ندیم (22سال)
کے ناموں سے ہوئی ہے۔
جبکہ زخمیوں میں
1) کرن بی بی دختر مقصود (22 سال)
2) اقراء دختر مقصود (16 سال)
3) عظمیٰ دختر رزاق (20سال)
4) افشاں بی بی دختر مقصود (3 سال)
شامل ہیں۔

ان تمام افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس دوران انتہائی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے ہرآنکھ اشکبار تھی۔

صدر گوگیرہ میں تیز آندھی سے درخت گرنے سے اس کی زد میں آکر محمد عباس بستی مصطفیٰ آباد چل بسا۔

حویلی لکھا کی نواحی بستی مولیا چشتی میں بھی طوفانی بارش دو افراد کی جان لے گئی جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

اوکاڑہ کے نواحی گاٶں 22ون آر بی میں مکان کی چھت گرنے سےماں اور بیٹی جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت 35 سالہ سمیرا بی بی اور تین سالہ بیٹی نورین کے ناموں سے ہوئی۔

دیپالپور شاہی مسجد کے قریب ایک دیوار گرنے سے ندیم اشفاق نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

ضلع اوکاڑہ میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی

شدید طوفانی بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا تاہم واپڈا اہلکاروں نے بڑی جانفشانی سے محنت کرتے ہوئے اس کو بحال کردیا۔ دوسری جانب ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی انتہائی خراج تحسین کی مستحق ہے جنہوں نے زخمیوں اور نعشوں کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں