اسسٹنٹ کمشنر دیپالپورملک راشدنعمت کھوکھر نے اتحاد پریس کلب،ڈی یو جے اور اوکاڑہ ڈائری کے نمائندہ وفود کیساتھ منعقد کی گئی خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ حکومت کی جانب سے شجرکاری مہم وقت کا تقاضا ہے جس سے ہماری آنیوالی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول ملے گا ہم نے صرف تین ہفتوں کے دوران دیپالپور میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پودے لگائے ہیں اور یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔علاوہ ازیں سموگ کنٹرول کرنے کیلئے ہم نے بیس دنوں میں 54ایف آئی آر درج کروائی ہیں اوردو لاکھ پچاسی ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔
حکومتی ہدایات کے مطابق صرف زگ زیک ٹیکنالوجی کے حامل بھٹوں کو کام کی اجازت ہوگی.صفائی ستھرائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دیپالپور میں وسائل کی کمی ضرور ہے لیکن ہم اپنے محدود وسائل کیساتھ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی کوشش کررہے ہیں اور بہت جلد اس میں مزید بہتری آپ کو دیکھنے کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے حوالے سے کام کرتے ہوئے 4344کنال اراضی واگزار کروائی جاچکی ہے۔جبکہ شہری علاقے میں دوکانوں کے آگے بنائے گئے تھڑوں وغیرہ پر مشتمل 33کنال سرکاری زمین بھی ہم نے واگزار کروائی ہے۔
اس موقع پر صحافی دوستوں نے انہیں سیوریج سسٹم کی بہتری،شجرکاری،تجاوزات کے خلاف آپریشن اورسموگ کے حوالے سے تجاویز مختلف تجاویزبھی پیش کیں جن کو اسسٹنٹ کمشنر نے نوٹ کرلیا اور ان پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دیپالپور کی بہتری کیلئے میڈیا کیساتھ مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔
