تیز طوفانی بارشوں کے باعث دیپالپور اور اس کے گردونواح میں چھتیں گرنے کے تین مختلف واقعات میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جن کو ریسکیو 1122نے بروقت پہنچ کر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا ۔ ریسکیو ذراءع کے مطابق ریاض الجناح میں مکان کی چھت گرگئی جس سے ایک خاتون شدیدزخمی ہوئی،دوسرا واقعہ فریدکوٹ میں پیش آیا جہاں ایک خاتون زخمی ہوئی جبکہ سبحان شاہ میں بھی گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو 1122نے بروقت تمام زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا ۔ ایک ایسے وقت میں جب گندم کی فصل بالکل تیار ہے بلکہ کئی علاقوں میں اس کی کٹائی شروع بھی ہوچکی ہے ایسے میں طوفانی بارشیں یقیناََ اللہ کی ناراضی کی عکاس ہیں ۔ علمائے کرام نے اس موقع پر اللہ سے توبہ اور اپنے اعمال کی درستی پر زور دیا ہے ۔ بہرحال ان طوفانی بارشوں میں دو محکموں کی کارکردگی بہت شاندار رہی جن میں ایک ریسکیو 1122 اور دوسرا واپڈا ہے ۔ ریسکیو کے جوانوں نے اس قدر خراب موسم میں زخمیوں کی بروقت مدد کو پہنچ کر انہیں ہسپتال منتقل کیا جبکہ واپڈا کے اہلکاروں نے طوفانی بارشوں کے سبب درجنوں مقامات سے سپلائی معطلی کو چند گھنٹوں میں درست کرکے بجلی بحال کردی ۔ ایس ڈی او میاں طارق بشیر بجلی بحالی کیلئے کئے جانیوالے آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے ۔ عوام نے بالخصوص ان دو محکموں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
