دیپالپور،فرٹیلائزر ایسوسی ایشن کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری

فرٹیلائزر ایسوسی ایشن کی جانب سے ضلع بھر میں جاری احتجاج دوسرے روز میں داخل ہو گیا۔ فرٹیلائزرایسوسی ایشن تحصیل دیپالپور کے چیئرمین شعیب خان ،صدر چوہدری محمود اختر ،نائب صدر نذر عباس شاہ اورجنرل سیکرٹری محبوب عالم نے اوکاڑہ ڈائری کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کا مقصد کسان کو اس کی ضرورت کے مطابق بروقت کھاد کی فراہمی ممکن بنانا ہے مگر انتظامی نااہلی کے باعث ہمیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسان کو کھاد کیلئے فرد کی شرط لگانا اور پھر اس فرد پر بھی اس کی ضرورت کے مطابق فراہم کرنے کی اجازت نہ دینا کسان کیساتھ زیادتی ہے ۔علاوہ ازیں انتظامیہ کنٹرول ریٹ اور سٹاک کو جب چاہے چیک کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں مگر ہماری شاپس پر انتظامیہ کے نمائندگان کا بیٹھنا اور ہمارا ان کی مرضی کے مطابق چلنا ناقابل قبول ہے ۔

کمپنیوں نے یہ شرط لگارکھی ہے کہ دو یوریا کیساتھ ایک ڈی اے پی لازمی خریدی جائے جبکہ ڈیلرز کو یوریا اور ڈی اے پی ان کنڈیشنل ملنی چاہئے اور یہ بھی کہ کھاد کی ایران افغانستان سمگلنگ روک دی جائے تو پاکستان میں کھاد سرپلس ہو جائے گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسان سٹور اوکاڑہ میں لاکھوں بوریاں موجود ہیں انتظامیہ ان کو کیوں باہر نہیں لا رہی کیا یہ ذخیرہ اندوزی کے زمرے میں نہیں آتا ؟ فرٹیلائزر ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے مصنوعی کی بجائے حقیقی اقدامات اٹھائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button