رپورٹ:قاسم علی
دو ہزار اکیس جب سے شروع ہوا ہے دیپالپور کی اہم ترین شخصیات کے دنیا سے جانے کی المناک خبریں گردش میں ہیں۔ آج بھی ایک المناک حادثے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونیوالوں میں دیپالپور بار ایسوسی ایشن کی رونق اور معروف شاعر سرور جاوی بھی شامل ہیں۔سرور جاوی اپنے دیگر تین ساتھیوں کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ جارہے تھے کہ اخترآباد کے قریب پہلے دو کاروں کے مابین حادثہ ہوا پھر ہائی روف نے ان کو کچل دیا جس کے نتیجے میں میاں سرور جاوی ایڈووکیٹ اور کلائنٹ سمیت دیگر دو افراد محمدحسین اور یونس موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ سرورجاوی صاحب کا کلرک خالد جونیجو انتہائی تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کردیا گیا ہے۔
سرور جاوی دیپالپور بار ایسوسی ایشن کا ایک معتبر نام تھے جو اعلیٰ پائے کے وکیل ہونے کیساتھ ساتھ بہترین شاعر بھی تھے اور ہر محفل کی جان ہوا کرتے تھے۔

سرورجاوی ایڈووکیٹ سیاسی طور بھی متحرک رہا کرتے تھے اور آج کل پاکستان تحریک انصاف دیپالپور کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر فائز تھے۔ان کی اس ناگہانی موت پر دیپالپور بار ایسوسی ایشن ہی نہیں پورے شہر میں غم و اندوہ کی کیفیت طاری ہے۔
