دیپالپور کے نواحی علاقے املی موتی کی آبادی جھانگی والا میں اس وقت قیامت صغریٰ برپا ہوگئی جب وہاں کے تقریباََ پینتیس گھروں میں لگے بجلی کے بورڈز میں آگ بھڑک اٹھی اور گھروں میں موجود بجلی کی تمام اشیاء جل گئیں ۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر اوکاڑہ ڈائری کے نمائندے نے مقامی لوگوں سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ پروبن آباد فیڈر میں شامل جھانگی والا داخلی املی موتی کو دوسال قبل بجلی فراہم کی گئی اس وقت وہاں ٹرانسفارمر اور تاریں وغیرہ تو نصب کردی گئیں مگر واپڈا کی جانب سے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیکٹرک کنٹرول کیبلز یعنی ڈیز نہیں لگائی گئی جو کہ کسی خرابی کی وجہ سے جل جاتی ہیں اور زیادہ نقصان نہیں ہوتا۔آج یہ ہوا کہ ان ڈیز کے نہ ہونے کی وجہ سے گیارہ ہزار بجلی ڈائریکٹ گھروں کو چلی گئی جس سے نہ صرف بجلی کی ہر چیز جل گئی بلکہ گھروں کی دیواروں اور چھتوں کو بھی نقصان پہنچا لوگوں نے بتایا کہ اس دوران تقریباََ آدھا گھنٹہ آگ جلتی رہی جس سے بچے اور عورتیں چیخ و پکار کرتے رہے اور علاقے میں قیامت صغریٰ برپا ہوگئی ۔
اہل علاقہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے متعدد بار متعلقہ ایس ڈی او صاحب اور لائن سپرینڈنٹ کو گزارش کی کہ ٹرانسفامر پر ڈیز لگائی جائیں تاکہ کوئی بڑا نقصان نہ ہوجائے لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور آج یہ واقعہ پیش آگیا ہے جس میں جانی نقصان ہونے سے بال بال بچا ہے تاہم پورے علاقے کی الیکٹرک مشینری جل گئی ہے ۔عوام نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف ہمارے علاقے کی بجلی چالو کی جائے بلکہ ہمارے پورے علاقے میں ہونے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے اور جن لوگوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے ان لوگوں کے خلاف فوری اور سخت کاروائی کی جائے ورنہ ہم واپڈا دفتر کے سامنے شدید احتجاج کریں گے۔
