دیپالپور، انصاف سوشل میڈیا ٹیم کے زیراہتمام میڈیا کنونشن منعقد کیا گیا جس میں حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف کو جوائن کرنیوالے چوہدری اورنگزیب جٹ سرا خصوصی طور پر مدعو تھے اس موقع پرنبیل کیانی، چوہدری جاوید جٹ سرااور مولانا اختر محمود بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس پروگرام کوچوہدری اورنگزیب جٹ سرا کے ساتھ انصاف سوشل میڈیا ٹیم کیساتھ ایک تعارفی میٹنگ بھی کہا جا سکتا ہے جس میں تحصیل بھر سے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے متحرک نوجوان شریک تھے۔انصاف سوشل میڈیا ٹیم کے سرپرست اعلیٰ میاں کلیم اللہ ڈولہ اور چیئرمین ساجد صدام ہیں ۔

انصاف سوشل میڈیا ٹیم دیپالپور کے چیئرمین ساجد صدام نے چوہدری اورنگزیب جٹ سرا کی پی ٹی آئی میں شمولیت کو انتہائی خوش آئند اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مقامی ورکرز کو ساتھ لے کر چلیں گے انصاف سوشل میڈیاٹیم ہمیشہ کی طرح عمران خان کے وژن کیلئے ہمہ وقت حاضر ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی مقامی لیڈر کے مخالف نہیں پارٹی نے جس کو عہدہ دیا ہم نے اس کو قبول کیا کیوں کہ ہم عمران خان کے نظریہ کو پسند کرتے ہیں ۔

ساجد صدام نے تجویزدی کہ الیکشن کیمپین کو باقاعدہ شروع کرنے سے پہلے ورکرز کو متحرک کرنے کیلئے ورکرز کنونشن انتہائی ضروری ہے اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ ورکر مزید چارج ہوکر بہتر انداز میں الیکشن کیمپین کرے گا کیوں کہ آپ ہر جگہ نہیں پہنچ سکتے مگر آپ کا ورکر ہر جگہ عمران خان اور آپ کا پیغام باآسانی پہنچا سکتا ہے۔سرپرستِ اعلیٰ میاں کلیم اللہ ڈولہ نے کہا کہ ہم نظریاتی لوگ ہیں اور ہمارے نزدیک عمران خان اس ملک کی آخری امید ہے ہم ہر اس شخص کیساتھ کھڑے ہیں جو عمران خان کے نظرئیے پر چلے گا اور عمران خان جس کو ٹکٹ دے گا ہم اس کو الیکشن جتوانے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔

چوہدری اورنگزیب جٹ سرا کا کہنا تھا کہ ورکر ہی ہماری اصل طاقت ہے کوئی بھی پارٹی ورکر کو نظر انداز کر کے کامیاب نہیں ہو سکتی انشااللہ میں انصاف سوشل میڈیا ٹیم سمیت ہر ورکرکیلئے ہروقت حاضر ہوں انہوں نے کہا کہ عمران خان پوری قوم کی آواز بن چکے ہیں جس کو کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا ۔عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کی گئی تو ہم اپنے لیڈر کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں گے۔

اتحاد پریس کلب اور اوکاڑہ ڈائری کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 137کیلئے عمران خان صاحب نے ٹکٹ کی یقین دہانی کروائی ہے اور پی ٹی آئی صرف اس حلقہ سے نہیں بلکہ ضلع اوکاڑہ کے تمام حلقوں سے جیتے گی۔انہوں نے ورکرز سے کہا کہ جلد ہی دیپالپور میں عمران خان کا بھرپور جلسہ کریں گے اس کو کامیاب کرنے کیلئے کارکن بھرپور تیاریاں کریں۔