دیپالپور،تحصیل دیپالپورکے معروف چوراہے کچہری چوک میں پی ٹی آئی ممبرشپ کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا لیکن اس افتتاحی تقریب میں پی ٹی آئی ورکرز اس لئے بھی بہت زیادہ پُرجوش تھے کہ بائیس سال قبل عمران خان دیپالپور کچہری چوک میں اسی جگہ پہلی بار آئے تھے جہاں سے تانگہ میں بیٹھ کر انہوں نے ممبرسازی کا آغاز کیا تھا اس وقت ان کے ہمراہ منیر بھٹہ اور شوکت علی قریشی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے.منیر بھٹہ چند ماہ قبل انتقال کرگئے تھے جبکہ شوکت قریشی آج بھی اس تقریب میں موجود تھے اور کافی خوش نظر آرہے تھے.
ممبرسازی مہم کا باقاعدہ افتتاح امیدوار برائے ایم این اے حلقہ این اے 142سردار شہریارموکل،امیدواربرائے ایم پی اے حلقہ پی پی 186پروفیسرڈاکٹرامجدوحیدڈولہ،سابق سیکرٹری بارغلام مرتضی چشتی ایڈووکیٹ ،ملک غلام نبی کھوکھر،دیپالپور میں بانی رکن پی ٹی آئی شوکت علی قریشی ایڈووکیٹ اور چوہدری عرفان سگی نے کیا اس موقع پر پی ٹی آئی ورکرز،وکلاء برادری اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جوکیمپ کا آغاز ہوتے ہی ممبرشپ کارڈ کیلئے امڈ آئی افتتاح کے بعد عوام سے خطاب اوراتحاد پریس کلب سے گفتگو کرتے ہوئے سردار شہریارموکل اور ڈاکٹرامجدوحید ڈولہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نظریاتی لوگوں پرمشتمل جماعت ہے ہم پارٹی کو دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح ڈرائنگ روم کی سیاست تک محدود کرنے کی بجائے عام آدمی تک پھیلارہے ہیں کیوں کہ کوئی بھی پارٹی اس وقت تک مضبوط نہیں ہوسکتی جب تک اس میں عام آدمی کی شمولیت نہ ہو اور جب تک اس کی رائے کو اہمیت نہ دی جائے اس مہم کے ذریعے پارٹی ممبر بننے والا ہرشخص پارٹی امور سے نہ صرف باخبر رہے گا بلکہ وہ ان پر اپنی رائے بھی دے سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پی ٹی آئی کی ممبرشپ ہوتی رہی مگر وہ ممبرشپ صرف الیکٹ ایبلزاپنی مرضی کے افراد اور ماتحت لوگوں تک محدود رکھتے تھے جب کہ ہم نے اس کو کھلے عام چوکوں پر کرنا شروع کیا ہے اور ہرفرد اس کا ممبر بن سکتا ہے.
تقریب میں موجود نوے کی دہائی کے پرانے ورکرز کا کہنا تھا کہ انہیں آج یوں محسوس ہورہاہے جیسے آج خان صاحب ایک بار پھر ہمارے درمیان موجود ہیں۔اس موقع پر پی ٹی آئی ورکرز نے پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی اور ضلع اوکاڑہ میں پہلی مرتبہ باقاعدہ منظم طریقے سے کیمپ لگاکر ممبرسازی مہم شروع کرنے پر سردار شہریارموکل، ڈاکٹرامجدوحید ڈولہ اوردیگررہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا ۔
