دیپالپور میں گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بغیر کسی شیڈول اور اعلان کے جب چاہے گیس بند کردی جاتی ہے جس کے باعث دیپالپور اور اس کے گردونواح کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔گزشتہ کئی ماہ سے سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں نمایاں کمی کی شکایات عروج پر ہیں، وقت پر کھانا تیار نہ ہونے کے باعث ملازمت یافتہ افراد اور طلبہ و طالبات بغیر ناشتہ کئے گھروں سے جانے پر مجبورہیں اور لوگوں کی اکثریت گھروں میں گیس سلنڈر و دیگر متبادل ذرائع استعمال کررہی ہے
بیشتر لوگوں نے گیس سلنڈر خرید لئے ہیں اور گیس نہ آنے اور پریشر کم ہونے کی صورت میں گیس سلنڈر استعمال کرکے کھانا پکایا جارہا ہے یاد رہے سلنڈر کا استعمال انتہائی خطرناک ہے اور خدانخواستہ حادثہ رونما ہونے کی صورت میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے کے خدشات ہیں مگر لگتا ہے حکومت کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔عوام نے حکام بالا سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔