تحریر:قاسم علی…
چودہ اگست کا دن بلاشبہ ہر پا کستانی کیلئے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے کہ اس روز اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزادی جیسی گرانقدر نعمت سے نوازا ۔اس روز پورے ملک کی طرح دیپالپور میں بھی جشن آزادی کی مختلف تقاریب منعقد کی جاتی ہیں تاہم اس سلسلے کی سب سے بڑی تقریب میونسپل کمیٹی دیپالپور میں منعقد ہوتی ہے جس میں دیپالپور بھر کی سیاسی،سماجی،علمی و ادبی،کاروباری اور صحافتی شخصیات سمیت معززین علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد بھرپور شرکت کرتی ہے ۔چونکہ ضلع اوکاڑہ اور خاص طور پر دیپالپور مسلم لیگ ن کا گڑھ سمجھاجاتا ہے اسی لئے اس تقریب کی ایک خاص بات یہ رہی ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے اس کے مہمانان خصوصی ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی ایم این اے اورایم پی اے ہی ہوتے تھے مگر اس بار یہ تقریب پہلے کی نسبت یکسر مختلف تھی کیوں کہ اس بار اس اہم ترین ایونٹ میں مہمان خصوصی کی نشستوں پر مسلم لیگی رہنماؤں کی بجائے پی ٹی آئی کے رہنما سیدگلزار سبطین شاہ اور چوہدری طارق ارشاد خان براجمان تھے اور یہی نہیں بلکہ ان کیساتھ حال ہی میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ضلعی صدارت سے مستعفی ہونیوالے سید زاہد شاہ گیلانی بھی پورے پروٹول کیساتھ موجود تھے۔میونسپل کمیٹی کی اس یوم آزادی تقریب میں منظرنامے کی یہ تبدیلی اصل میں دیپالپور کی سیاست میں تبدیلی کا بھی واضح اشارہ نظر آرہی تھی۔اوراس تبدیلی کی وجہ سمجھنے کیلئے کسی افلاطونی دماغ کی ضرورت نہیں کیوں کہ تقریب میں موجود ہر شہری یہ بخوبی جانتا تھا کہ چند روز قبل چیئرمین بلدیہ میاں فخرمسعود بودلہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد شروع ہونیوالی سیاسی رسہ کشی اور پھر اس میں میاں فخرمسعود بودلہ کی کامیابی کی وجہ سے یہ صورتحال سامنے آئی ہے اور چونکہ چیئرمین صاحب کے خلاف اس تحریک عدم اعتماد کو ناکام کرنے میں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں سیدگلزار سبطین ،چوہدری طارق ارشاد خان اور سب سے بڑھ کر سید زاہد شاہ گیلانی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اس لئے لازمی طور پر سٹیج پر بھی انہوں نے بیٹھنا تھا ۔اس موقع پر میاں فخرمسعود بودلہ،میاں بلال عمر بودلہ ،سید زاہد شاہ گیلانی ،سید نقی گیلانی،معروف کمپیئر،استاد اوراب جیونیوز کے پروگرام خبرناک میں اپنے جوہر دکھانے والے امتیاز احمدکوکب سمیت وکلاء برادری او رکاروباری شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔تقریب میں بچوں کے ملی ترانے،ریسکیو عملہ کی سلامی،پرچم کشائی اور دیگر کئی فنکشن منعقد کے گئے جن سے عوام خوب محظوظ ہوئے۔

یوم آزادی کی دوسری بڑی تقریب برج الیاس خان پر انعقاد پزیر ہوئی جس میں وائس چیئرمین ضلع کونسل اوکاڑہ راؤسعد اجمل خان،سٹی صدر مسلم لیگ ن سعید خدری بھٹہ،وائس چیئرمیونسپل کمیٹی راجہ غضنفرجتالہ،سیف اللہ خان کونسلر،راؤوحید شمشاد،حاجی صدیق احمد،باؤصدیق،قاضی فرازرسول،چوہدری طارق محمودہارنی،ڈاکٹرطارق،شیخ جمیل،سیدحسنین رضوان جانی شاہ،راؤعبدالکریم ٹیپو،میاں اظہر وٹو،نوید اویسی،میاں وقار بابر چنڈور،شیخ عبدالرؤف شہزاد اور حاجی محمدشفیق سمیت معززین علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پہ پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے راؤسعد اجمل خان ،سعید خدری بھٹہ اور دیگر نے کہا کہ پاکستان کا قیام ظلم و ناانصافی کا خاتمہ کرتے ہوئے ایک نئے دور کا آغاز تھا اس سے قبل ہندوؤں اور انگریزوں نے ہم پر جو ستم توڑے قائد و اقبال نے ہمیں ان سے نجات دلائی اور ہمارے لاکھوں بزرگوں ،بہنوں اور بھائیوں نے اس ملک کی خاطر بیش بہا قربانیاں دیں جن کو ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ اس ملک کی بانی جماعت ہے اور اسی جماعت کے عہد میں پاکستان ایٹمی طاقت بن کر ناقابل تسخیر بنا اور اب بھی انشااللہ اکستان مسلم لیگ ن ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اپوزیشن بنچوں پر رہ کر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔
اس سلسلے کی ایک تقریب آکسفورڈ اکیڈمی پپلی پہاڑ روڈ پر بھی منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر امجد وحید ڈولہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خالصتاََ عوامی جدوجہد کے نتیجہ میں قائم ہوااور اس کے استحکام و روشن مستقبل کیلئے عوام کو اپنی جدوجہد جاری رکھنا ہوگی ۔ان کا کہنا تھا کہ 14اگست 1947ء کو نہ صرف برصغیر میں ایک علیحدہ اور خودمختار مملکت وجود میں آئی بلکہ اس علاقے میں برطانوی راج کا بھی خاتمہ ہوا۔اس طرح عوامی جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں برطانوی راج سے آزادی بھی ملی اور انڈیا سے ایک علیحدہ ملک بھی ملا ۔قیام پاکستان کے بعد ہرسال 14اگست کوہم ان دو آزادیوں کی یادگار کے طورپر مناتے ہیں ۔ایک تیسری طرح کی بھی آزادی ہے کہ جس کی جدوجہد ہم پچھلے اکہتر برس سے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ہمیں ہر 14اگست کو اکہتر برس سے جاری رہنے والی اس عوامی جدوجہد کی یادگار کے طور پر بھی منانا چاہئے اورہمیں ان اکہتر برس میں آزادی اظہار کی روایت کو زندہ رکھنے والوں کو بھی یادرکھنا چاہئے ۔
اوکاڑہ روڈ پر واقع گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج کی طرف سے یوم آزادی کو گرین ڈے کے طور پر منایا گیا اس روز کالج کے پرنسپل جناب شمس شہباز صاحب نے تمام سٹاف ،دیگر کالج انتظامیہ اور طالبعلموں کیساتھ مل کر نہ صرف آگاہی مہم چلائی بلکہ اس مہم کے نتیجے میں سینکڑوں پودے عملی طور پر لگائے بھی گئے۔شمس شہباز صاحب نے اوکاڑہ ڈائری سے گفتگوکرے ہوئے کہا کہ ملکی آبی ضروریات اور ڈیمز کی کمی پورا کرنے اور موسمی تغیرات کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے شجرکاری پر ہنگامی طور پر عمل درآمد ہونا چاہئے اور حکومت کی جانب سے اس پر کام شروع کربھی دیا گیا ہے انہوں نے کہا ہم اس مہم کو شروع کرچکے ہیں ۔
اسی طرح دیپالپور کے قریبی علاقے بہاولداس میں بھی یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام وائس چیئرمین ڈولہ پختہ یونین کونسل قیصرشہزاد موہل صاحب نے کیا اس موقع پر سکول کے بچوں نے بھی پرفارمنس پیش کی جبکہ پرچم کشائی بھی کی گئی ۔پروگرام میں محمداصغرموہل،رائے کلیم اللہ کھرل،رانا نزیراحمدجوئیہ جنرل کونسلر،رائے سرُور جوئیہ جنرل کونسلر،بزادجوئیہ یوتھ کونسلر،اورنگزیب موہل،خان اشتیاق خان،نیاز احمد بھٹہ،ملک سلطان کھوکھر،عبدالرزاق ریحان اورسینئر صحافیوں حافظ جمشید اشرف اورمحمدایوب خاورنے خصوصی شرکت کی جبکہ اس خوبصورت پروگرام کے انعقاد میں رائے یاسرجبار،رانا شہباز،رانا طفیل،عامرڈولہ،عامرکھوکھر،عدنان موہل،جہانزیب موہل،قاری محفوظ الحق،قاری اسماعیل اورقاری رمضان نے خاص طور پر بہت محنت کی اس تقریب کو شاندار بنانے میں بہاولداس کے تینوں پرائیویٹ سکولوں ایم ایس ماڈل سکول،آکسفورڈ اور دی ریڈر سکول کے پرنسپل صاحبان محمدشفیق خان،رائے صاحب اور چوہدری محمدشفیق نے خصوصی طور پر تمام بچوں سمیت شرکت کرکے اس کی رونقوں کو مزید دوبالا کردیا.
یوم آزادی کے موقع پرملی مسلم لیگ نے بھی اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہوئے ایک ریلی منعقد کی جس کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور فلیکس پکڑ رکھی تھیں جن پر ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا مطالبہ کیا مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا اور یہی نعرہ لگایا گیا تھا کہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ تو آج اس نعرے اورسلوگن کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے ۔
دیپالپور پریس کلب و انجمن صحافیاں رجسٹرڈ میں بھی صدر پریس کلب چوہدری محمداشفاق کی زیرصدارت یوم آزادی کے موقع پرایک نشست رکھی گئی جس میں سابق ایم این اے گلزارسبطین شاہ ،پی ٹی آئی ضلع اوکاڑہ کے صدرچوہدری طارق ارشاد خان،سیدزاہدشاہ گیلانی اورحافظ حسان صدیقی نے خصوصی شرکت کی اور پاکستان کو ایک عظیم تحفہ قراردیتے ہوئے ہوئے کہا کہ اگر حکمران اورعوام اپنی ذمہ داریاں بحسن و خوبی سرانجام دیں تو ملک بہت جلدترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا.