107

دیپالپورکو ضلع بنانے کی خبریں ،کتنی حقیقت کتنا فسانہ

تحریر:قاسم علی

دیپالپور کا شمار پاکستان کی سب سے بڑی تحصیلوں میں ہوتا ہے جو پاکستان کے چھبیس اضلاع سے بڑی ہے ۔اس حوالے سے گزشتہ چندبرسوں سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ دیپالپور کو ضلع کا درجہ دیا جائے اس آواز میں صحافیوں،سول سوسائٹی،کاروباری طبقے اور سیاسی شخصیات نے اپنا اپنا کردار ادا کیا تاہم حالیہ دنوں میں اس سلسلے میں سابق صوبائی وزیربرائے ہائیر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی کی جانب سے ایک بڑا دعویٰ سامنے آیا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ دیپالپور کو جلد ہی ضلع بنا دیا جائے گا۔

موقر جریدے روزنامہ جنگ کے مطابق تئیس جنوری کو سید رضا علی گیلانی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کیساتھ ملاقات کے بعد جنگ کو وٹس ایپ میسج میں بتایا کہ یہ ملاقات دیپالپور کو ضلع بنانے کے حوالے سے تھی اس میسج میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد اس کیلئے چار ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ رضا علی گیلانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب وقتاََ فوقتاََ مجھ سے مشورے لیتے رہتے ہیں مزید یہ کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سے ملاقات آزاد حیثیت میں کی ہے۔

یاد رہے کہ سیدرضا علی گیلانی نے گزشتہ برس بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ وزیراعظم میرے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔رضا علی گیلانی کی پہلے وزیراعظم اور اب وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کو پی ٹی آئی کے سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور برملا اس بات کا اظہار سامنے آیا کہ حکومت رضا علی گیلانی اور سابق وزیراعلیٰ منظور وٹو کو اتنی اہمیت کیوں دے رہی ہے جبکہ انہوں نے باقاعدہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان بھی تاحال نہیں کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سابق صدر ضلع اوکاڑہ سید عباس رضا رضوی نے کہا کہ سید رضا علی گیلانی اگر اتنے ہی قابل ہیں اور وزیراعظم ان کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں تو وہ پی ٹی آئی میں شامل کیوں نہیں ہوجاتے ؟ انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ بتایاجائے کہ دیپالپور کو ضلع وزیراعلیٰ نے بنانا ہے یا رضا علی گیلانی نے ؟

دیپالپور اور حجرہ شاہ مقیم میں پرنٹ اور سوشل میڈیا پر دیپالپور کو ضلع بنانے کی خبروںسے قطع نظر وزیراعلیٰ پنجاب کی اجلاس کے بعد جاری پریس ریلیز میں اس حوالے ہمدردانہ غور کا کہا گیا ہے اور کہیں بھی چار ارب روپے فنڈز کا تذکرہ نہیں ہے۔

بہرحال یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ دیپالپور کوواقعی ضلع بنایاجاتا ہے یا کہ یہ ایک پولیٹیکل سٹنٹ ثابت ہوتا ہے تاہم یہ حقیقت ہے کہ دیپالپور کو ضلع بنانا اشد ضروری ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں