دیپالپور،جامعہ انوریہ محمودیہ جامع مسجد سیدنا زین العابدین ماڈل ٹاؤن دیپال پور میں تقریب دستار بندی منعقد ہوئی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرپر ست اعلیٰ جمعیت علماء اسلام (ف) پنجاب و ضلعی امیرسید انور شاہ بخاری نے کہا کہ پاکستان میں مدارس عربیہ کا خاص کردار ہے ،وطن عزیز کے حصول اور انگریز سے آزادی کیلئے مدارس عربیہ کی محنت ڈھکی چھپی نہیں، وفاق المدارس عربیہ سے ہر سال تقریبا ایک لاکھ حفاظ فار غ التحصیل ہو رہے ہیں ،خوش قسمت ہیں وہ والدین جن کے بچوں نے قرآن پاک حفظ کیا یہی قرآن پاک قیامت والے دن ان کے لیے شفاعت کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ سب سے اہم فریضہ یہ ہے کہ علم کے ساتھ ساتھ تزکیہ نفس اور اصلاح کی فکر کریں ،پاکستان کی بقاء اسلام سے ہے اور اسلام کی بقاء دینی مدارس سے ہے ،امت محمدیہ کی ایک خصوصیت میں سے ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس امت کو اجماع کی نعمت سے نوازا گیا ہے اور یہ نعمت ختم نبوت کے طفیل اور صدقے میں دی گئی ہے ،علمائے کرام نے دین کی سربلندی کیلئے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے آئندہ بھی ہر طرح کی مشکلات کے باوجود قال اللہ و قال الرسول کی صدائیں بلند کرتے رہیں گے ، تقریب سے شیخ الحدیث مولانا شاہد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس نے ہمیشہ جرائم سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ، اس موقع پر سابق صدر بار قاضی ضرغام الحق ایڈووکیٹ،سابق ایم پی اے میاں شریف ظفر جوئیہ ، الحاج حافظ محمد شعبان صدیقی ، سید محمد علی شاہ ، مولانا سید انظر محمودبخاری ،میاں محمد اسلم ڈولہ ، میاں محمود الحسن بودلہ ، سینئر صحافی چوہدری محمد حسین ایاز،حاجی عابد حسین،راؤ محمد سلیم ٹیپوو،مولانا عبدالستار محمودی ، مولانا عبدالرشید ساجدکلاء اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی ،اس موقع پر حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اور انہیں اسناد سے نوازا گیا.
