ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرفیصل شریف نے رشوت ستانی کا بازار گرم کردیا، 7لاکھ روپے دو ورنہ مل بند ہوگی،نجی مل مالک کو کھلی دھمکیاں،راشی افسر پہلے بھی گجرانوالہ،ننکانہ اور ساہیوال میں کرپشن کرتا رہا ہے تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمدفیصل شریف نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔محمدعمربشیر نامی ایک مل اونر کی جانب سے سیکرٹری فوڈ کنٹرولر پنجاب کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیصل شریف نے اپنے فرنٹ مین کے ذریعے مجھے پیغام بھیجا کہ اگر تم نے مل کا لائسینس ری نیو کروانا ہے تو اس کیلئے سات لاکھ روپے نذرانہ ادا کرنا ہوگا جس پر میں نے کہا کہ میں اپنے قانونی کام کیلئے کسی صورت بھی رشوت نہیں دوں گا بعد ازاں اس نے یہ رقم پانچ لاکھ اور پھر تین لاکھ کردی مگر میں نے ہربار انکار کیا۔میرے اس جواب پر فیصل شریف اس قدر سیخ پا ہوا کہ رات بارہ بجے خود میری مل میں آگیا اور مجھے دھمکی دی کہ اب میں دیکھتا ہوں کہ تم کیسے اس مل کو چلاتے ہو۔درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ فیصل شریف ایک ریکارڈ یافتہ کرپٹ افسر ہے جو تین سال قبل ساہیوال میں رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر جیل بھی کاٹ چکا ہے ۔علاوہ ازیں موصوف گوجرانوالہ اور ننکانہ میں تعیناتی کے دوران بھی کرپشن کی داستانیں رقم کرتے رہے اور اب یہی مکروہ دھندہ اس نے ضلع اوکاڑہ میں شروع کررکھا ہے ۔محمدعمربشیر نے سیکرٹری فوڈ محکمہ خوراک پنجاب سے استدعا کی ہے کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فیصل شریف نامی سزایافتہ کرپٹ افسر کو نہ صرف یہ کہ فی الفور برطرف کیا جائے بلکہ کاروباری افراد کو مسلسل بلیک میل کرنیوالے اس فوڈکنٹرولر کے اثاثہ جات کو بھی منجمد کر کے مکمل تحقیقات کی جائیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
