وٹہ سٹہ کی شادیاں کی تو بڑی خوشی اور دھوم دھام سے جاتی ہیں مگر جہالت اور تعصب کی وجہ سے ان کا انجام کم از کم پنجاب میں اکثر اوقات برا ہی ہوتا ہے جیسا کہ آج دیپالپور کے نواحی علاقے شیرگڑھ میں ہواہے.شیر گڑھ کے رہائشی اقبال حسین نامی شخص کی شادی آصف کی ہمشیرہ یاسمین بی بی سے ہوئی اور آصف کی شادی اقبال کی ہمشیرہ شازیہ بی بی سے وٹہ سٹہ پر ہوئی تھی.اقبال کی بیوی گھریلو ناچاقی کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل روٹھ کر اپنے میکے چلی گئی تھی جبکہ اقبال کا ایک بیٹا شہریار اپنے باپ کے پاس ہی رہتا تھا.اب رات کو یہ ہوا کہ آصف نے شہریار کو اغوا کرنے کیلئےاپنے ساتھیوں کیساتھ مل کر اقبال کے گھر ہلہ بول دیا لیکن اقبال کے والد اور بھائیوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی جس پر ملزمان آصف،کاشف اور علی احمد وغیرہ نے فائر کھول دیا جس کی زد میں آکر اقبال کا والد فلک شیر موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر چار افراد شدید زخمی ہوگئے .فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ اکھٹے ہوگئے تاہم اسی دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے.مگر شیرگڑھ پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کاروائی شروع کردی ہے.
