okara gymkhana vs diamond cricket club 686

ضلع اوکاڑہ کا اعزاز،اوکاڑہ جمخانہ نے اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ کلب کے خلاف شاندار فتح حاصل کرلی

تحریر:قاسم علی…
پی سی بی کے زیراہتمام فضل محمودنیشنل کرکٹ کلب ٹورنامنٹ میں اوکاڑہ جمخانہ کی ٹیم نے اسلام آبادڈائمنڈ کرکٹ کلب کو روند کے رکھ دیا۔اسلام آباد ڈائمنڈکرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 47اوورز میں نوکھلاڑیوں کے نقصان پر 258رنز بنائے ۔ اوکاڑہ جمخانہ کے کپتان ذولفقار بابرنے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لیفٹ آرم سپنرعلی معظم نے بھی دو شکار کئے ۔259رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں اوکاڑہ جمخانہ کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا ذیشان اشرف اور وقارحسین کی جوڑی جلد ہی ٹوٹ گئی جب ذیشان اشرف 22رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے لیکن وقار حسین کی اننگز برسوں یاد رکھی جائے گی جن کے بلے نے ڈائمنڈ کرکٹ کلب کے چھکے چھڑا دئیے انہوں نے 46اوورز پورے کھیلے اور 135رنز بناکر ناقابل شکست رہے ان کا ساتھ ذولفقار بابرنے بھی بھرپور طریقے سے دیا جنہوں نے شاندارباؤلنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اپناحق خوب اداکیا اورمحض 41گیندوں پردھواں دھار 45 رنز جڑدئیے رہی سہی کسر عمران کے 40رنز نے نکال دی اور مقررہ اوورز سے بھی پہلے یعنی 46ویں اوور میں ٹارگٹ پورا کرلیا اس طرح پانچ وکٹوں سے اوکاڑہ جمخانہ نے یہ اہم ترین میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ۔

okara
یادرہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتما م ہونیوالے فضل محمود نیشنل کرکٹ کرکٹ کلب ٹورنامنٹ کا طریقہ کار یہ ہے کہ پہلے ہر ضلع میں بہترین ٹیموں کے مابین میچز ہوتے ہیں اور جو ٹیم اپنے ضلع میں ٹاپ کرتی ہے پھر اس کا مقابلہ اس ریجن کی تمام ضلعی ٹیموں سے ہوتا ہے اس طرح ہر ریجن سے فاتح ٹیموں کے مابین مقابلوں کا اہم ترین مرحلہ شروع ہوتا ہے ۔ اوکاڑہ جمخانہ نے پہلے ضلعی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں 22ٹیموں کو ہرا کرپہلی پوزیشن حاصل کی اس کے بعد ملتان ریجن کی تمام ضلعی ٹیموں کو بھی شکست فاش سے دوچار کرتے ہوئے ٹاپ کیا اسی طرح اسلام آباد ڈائمنڈ کرکٹ کلب اپنے ریجن کی فاتح بن کر سامنے آئی تھی اور آج اوکاڑہ جمخانہ کا مقابلہ اسلام آبادکے ڈائمنڈ کرکٹ کلب سے تھاجو اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں ہی ہوا جس کیلئے اوکاڑہ جمخانہ کی ٹیم کل اسلام آباد پہنچی تھی ۔اس شاندار فتح پر ضلع بھر میں کرکٹ شائقین نے اوکاڑہ جمخانہ کی پوری ٹیم خصوصاََ ٹیم کے کپتان ذولفقار بابر،وقار حسین اور اوکاڑہ جمخانہ کے صدر میاں منیر کو بھرپور مبارکباد پیش کی ہے۔اوکاڑہ جمخانہ کے فاتح کپتان ذولفقار بابر اور علی معظم چشتی نے اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ سے اوکاڑہ ڈائری کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیم کے خلاف آج کی شاندار فتح کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بہت بلند ہیں اور انشااللہ اس بار اوکاڑہ جمخانہ کی ٹیم ہی فضل محمودنیشنل کرکٹ کلب ٹورنامنٹ میں فتح و کامرانی کے جھنڈے گاڑھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں