لیجنڈ فنکار عمر شریف کی زندگی کے چند حیرت انگیز پہلوؤں بارے جانئے

پاکستان میں مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر ایک عرصے تک راج کرنے والے فنکار عمر شریف جرمنی میں وفات پا گئے ہیں۔ ان کی عمر 61 برس تھی اور وہ عارضہ قلب سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا تھے۔

عمر شریف کو علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو پاکستان سے براستہ جرمنی امریکہ منتقل کیا جا رہا تھا تاہم ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق جرمنی میں عارضی قیام کے دوران ہی ان کی طبعیت مزید بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

عمر شریف کی اہلیہ کی بہن عنبرین کے مطابق سفر کے دوران ہی راستے میں ان کی طبیعت خراب ہوئی جس وجہ سے انھیں جرمنی میں روک لیا گیا۔ وہ وہاں گذشتہ چار دن سے زیر علاج تھے۔ انھیں نمونیا اور بخار تھا۔

عنبرین کے مطابق ڈاکٹر کہہ رہے ہیں کہ جیسے ہی طبیعت بہتر ہوگی تو وہ امریکہ کے لیے روانہ ہوں گے لیکن بہتری نہیں آئی اور وہ ہفتہ کی صبح انتقال کر گئے۔

عمر شریف کا اصل نام محمد عمر تھا اور وہ سرکاری ٹی وی کے مطابق کراچی میں 19 اپریل 1960 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کی عمر چار سال تھی کہ والد کا انتقال ہو گیا اور ان کے خاندان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وہ کراچی میں جس علاقے میں رہائش پذیر رہے وہاں قریب قوالوں کے بھی گھر تھے۔ بچپن اور لڑکپن میں ان کی دوستی ان قوالوں کے بچوں سے رہی اور جب ہوش سنبھالا تو اپنے محلے کے مختلف کرداروں سمیت مشہور فلمی اداکاروں کی بول چال اور انداز کی نقالی کرنے لگے۔

یہی وجہ تھی کہ عمر شریف کی جملے بازی اور لطیفہ گوئی پورے علاقے میں مشہور ہو گئی تھی۔ سکول کے بعد عمر شریف جب گلی محلے میں نکلتے تو ان کے ارد گرد لڑکوں کا ہجوم ہوتا اور وہ انھیں ہنسانے میں مصروف رہتے۔

عمر شریف صرف 14 سال کی عمر میں تھیٹر سے بطور اداکار وابستہ ہوئے۔ ان کے سٹیج اداکار بننے کا قصہ بھی بہت دلچسپ ہے۔

کراچی کے آدم جی ہال میں جاری سٹیج ڈرامے کے ایک گجراتی اداکار کو اپنے عزیزکی وفات پر ڈرامہ چھوڑ کر جانا پڑا تو شو سے دو گھنٹے قبل عمرشریف کو بلایا گیا اور میک اپ روم میں کاغذات کا پلندہ ہاتھ میں یہ کہہ کر تھما دیا گیا کہ تمہیں جوتشی بننا ہے۔

ان کی زندگی کے تمام حالات ،کامیابیوں اور دلچسپ واقعات اس وڈیو میں دیکھئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button