حویلی لکھا(محمد احمد ساجد سے)آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذہنی صحت کا عالمی دن منایا گیا اس سلسلے میں متعدد شہروں میں سیمینارز اور پروگرام کا انعقاد کیا گیا.حویلی سٹی الائنس کی ٹیم نے نے بھی اس موقع پر ایک کیمپ کا اہتمام کیا جس میں ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جاتی رہی.
حویلی سٹی الائنس کے وائس چیئرمین مجلس عاملہ ماہر نفسیات ڈاکٹر تنویرسجیل کی زیرنگرانی اس کیمپ میں آنے والے لوگوں کو بریف کیا جاتا رہا کہ ذہنی صحت ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے جس میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہاہے.یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں اس بارے آگاہی مہمیں بڑے زوروشور سے چلائی جاتی ہیں مگر ہمارے ہاں اس مرض کو مرض ہی نہیں سمجھا جاتا کبھی ذہنی مریض کو عطائیوں کے حوالے کردیا جاتا ہے تو کبھی جعلی پیر اور عامل اس مرض کو جن بھوت کا سایہ قرار دے کر قابل علاج مرض کو مزید گھمبیر بناڈالتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ذہنی امراض قابل علاج ہیں البتہ اس کیلئے آگاہی ضروری ہے اس موقع پر حویلی سٹی الائنس کے مرکزی عہدیداران شاہزیب نوید،حافظ ساجد،جواد حفیظ،آصف خان گڈو اورملک غلام کبریا بھی موجود تھے.جنہوں نے اوکاڑہ ڈائری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حویلی سٹی الائنس کا مقصد ہی دکھی انسانیت کی خدمت ہے ہم نے ماضی میں بھی عوامی فلاح کیلئے متعدد کام اللہ کی رضا کیلئے کئے اور انشااللہ مستقبل میں بھی اس مشن کو جاری رکھیں گے.
حویلی سٹی الائنس کے سرگرم رہنما ریاض احمد راجا کا کہنا تھا کہ حویلی سٹی الائنس ذہنی امراض میں مبتلا مستحق افراد کے مفت علاج معالجے کیلئے بھی کیمپ لگانے کا ارادہ رکھتی ہے.کیمپ کے دوران آنے والے تمام شہریوں کو ذہنی صحت سے آگاہی کے لئے بروشرز وغیرہ بھی دئیے گئے جبکہ سابقہ ہیڈماسٹر خالد خان لودھی گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1 حویلی لکھا اور ڈاکٹر شبیر چشتی سمیت سمیت معروف شخصیات نے بھی کیمپ کا وزٹ کیا.عوام نے حویلی سٹی الائنس کے اس اقدام کو خوب سراہا اور تمام ٹیم کو شاباش دی.
