601

کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی کا یونیورسٹی آف اوکاڑہ کا دورہ

کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے توسیعی منصوبے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے یونیورسٹی کا دورہ کیا ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس ،ایس ای بلڈنگ ساجد رشید ،ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسد علوی اور اے سی جنرل اشفاق الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہو ں نے یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کی حفاظت کے لئے کئے گئے انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا اور نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں بعض خراب ہونے کا سخت نوٹس لیا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ فوری طور پر تمام کیمروں اور واک تھرو گیٹس کو مرمت کروایا جائے ۔انہوں نے کیمپس کا وزٹ بھی کیا اور اٹھائے گئے انتظامات کا معائنہ کیا ۔کمشنر نے مرکزی کنٹرول روم میں کیمروں سے مانیٹرنگ کرنے کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا اورا سے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔دورے کے دوران کمشنر علی بہادر قاضی نے یونیورسٹی کے توسیعی منصوبے کے لئے تیار کئے گئے منصوبے کی بھی اصولی منظور ی دی جس سے نئے اکیڈمک بلاکس ،آڈیٹوریم ،مسجد اور ہاسٹلز تعمیر کئے جائیں گے ۔انہو ں نے یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد واجد کو ہدایت کی کہ منصوبے کی پنجاب حکومت سے جلد منظوری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ایس ای بلڈنگ ساجد رشید نے کمشنر کو منصوبے کی نئی ڈائنگز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس پر پہلے مرحلے میں ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔علی بہادر قاضی نے امید ظاہر کی کہ توسیعی منصوبے کی تکمیل سے یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں تعلیمی سہولیات میں اضافہ ہو گا اور نئے شعبوں کے قیام سے خطے کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں