رپورٹ:اوکاڑہ ڈائری
ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے جس کے باعث عوام کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے خاص طور پر جیلوں میں قید افراد کیلئے سہولیات کی کمی کی وجہ سے جینا مزیددوبھرہو چکا ہے ۔اس سلسلے میںساہیوال آر پی او نے ریجن کے تینوں اضلاع کے تھانوں کی حوالاتوں میں بند ملزمان کو انسانی حقوق کے تحت سہولیات دینے کے احکامات جاری کر دئیے،سخت موسم میں ملزمان کے لئے کھانا پانی اور پنکھوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محبوب رشید نے ریجن کو تینوں اضلاع اوکاڑہ،ساہیوال اور پاکپتن کے پولیس افسران کو پروفیشنل ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نفرت جرم سے ہے انسان سے نہیں۔لہٰذاجرم کرنے والے شخص کے اگر تمام انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے اور اس عمل میں تھانہ سے جیل تک تسلسل رہے تو اس بات کے قوی اور روشن امکانات ہوتے ہیں کہ قانون شکن اپنے کئے کی سزا پانے کے بعد قانون پسند بن جائے اس تناظر میں تھانوں کی حوالاتوں میں بند ملزمان کے ان تمام انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے جس کا حق انہیں قانون دیتا ہے ۔
آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ گرمی کے سخت موسم کے پیش نظر تمام ایس ایچ اوز اور تھانوں کے محرر اس بات کو یقینی بنائیں کہ حوالاتوں میں صفائی ستھرائی کے علاقہ پنکھے موجود ہوں اور فنگشنل ہوں جبکہ ٹھنڈے پانی سمیت ملزمان کے کھانے کا بھی خیال رکھا جائے،آر پی او نے کہا کہ ڈی پی اوز اور ڈی ایس پیز تھانوں میں سرپرائز وزٹ کر کے حوالاتوں کے حوالے سے قانون کے تمام تقاضوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں
انہوں نے کہا کہ میں خود بھی سرپرائز وزٹ کروں گا اگر کسی تھانہ کی حوالات میں قانون کے تحت دی گئی سہولیات پوری نہ ہوئیں تو ایس ایچ او،محرر سمیت ذمہ دار پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ احتسابی کارروائی ہو گی۔